ایشیا کپ انڈر 19

ایشیا کپ انڈر 19: پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

دبئی (عکس آن لائن)ایشیا کپ انڈر 19 میں روایتی حریف پاکستان نے اذان اویس کی شاندار سنچری کی بدولت روایتی حریف بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی،بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 259 رنز بنائے، پاکستان نے ہدف 47اوورز میں حاصل کرلیا ،اذان اویس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 130 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ایشیا کپ انڈر 19 کے پانچویں میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 259 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے ارش سنگھ 62 رنز بنا کر سب سے کامیاب رہے، ان کے علاوہ ادے سہارن 60 اور سچن داس 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے لیفٹ آرم میڈیم باؤلر محمد زیشان نے 4 جبکہ عبید شاہ اور عامر حسان نے دو، دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان نے اذان اویس اور دیگر بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ایشیا کپ انڈر19 ٹورنامنٹ کے میچ میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔پاکستان نے 263 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو شمائل حسین صرف 8 رنز بنانے کے بعد مروگن ابھیشک کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد شاہ زیب خان کا ساتھ دینے اذان اویس آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی ساجھے داری بنائی۔بھارت کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب شاہ زیب 4 چوکوں اور تین چھکوں سے مزین 63 رنز بنانے کے بعد مروگن ابھیشک کی دوسری وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے اذان ڈٹے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کپتان سعد بیگ کے ہمراہ ایک اور عمدہ شراکت قائم کی۔اذان اور سعد نے تیسری وکٹ کے لیے ناقبال شکست 125 رنز کی شراکت بنا کر پاکستان کو تین اوورز قبل ہی 8 وکٹوں کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اذان اویس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 130 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔کپتان سعد بیگ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور صرف 51 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 رنز کی باری کھیلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں