فردوس عاشق اعوان

اپوزیشن نے اگر جلسوں میں قانون کی خلاف ورزی کی تو بھرپور طریقہ سے نمٹا جائے گا’فردوس عاشق اعوان

کامونکے(عکس آن لائن)اپوزیشن نے اگر جلسوں میں قانون کی خلاف ورزی کی تو بھرپور طریقہ سے نمٹا جائے گا،گلگت بلتستان میں شرمناک شکست سے اپوزیشن کی مایوسیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار معاونِ خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد خاں کی رہائشگاہ پر سٹی پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق امیدوار صوبائی اسمبلی چودھری احسان اللہ ورک،سابق ایم این اے رانا عمر نذیر احمد خاں،سابق ایم پی اے چودھری ظفر اللہ چیمہ،ضلعی صدر پی ٹی آئی رانا ساجد علی،سٹی صدر سیٹھ عبدالرب عدنان،سینئر نائب صدر چودھری ضیاء اللہ سندھو،جنرل سیکرٹری میاں ریاض رسول انصاری،فنانس سیکرٹری چودھری اشفاق لاہوری،سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل رانا عامر نذیر خاں،چودھری وسیم اشرف،ضلعی صدر خواتین ونگ روبینہ امجد ذیلدار،نائب صدر ڈاکٹر یاسمین اسلم بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن سیاسی یتیموں کا ٹولہ ہے جو محض اس لئے اکٹھا ہوا ہے کہ تیس سال کے دوران جو انہوں نے ملکی دولت اور وسائل کو لوٹا ہے اس کا حساب نہ دینا پڑے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت عالمی وباء کورونا پاکستان میں اثر کر چکی ہے جس سے بچائو کیلئے حکومت اپنے تماما وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ جلسے جلوس منعقد کرنے کی بجائے عوام کو کورونا سے بچائو کیلئے حکومتی اقدامات کا ساتھ دے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سیاسی غلاموں اور شاہی فرمان پڑھنے والی کنیزوں کو بھی اپوزیشن مافیا سے آزاد کروائیں گے۔قبل ازیں رانا نذیر احمد خاں کی رہائشگاہ پہنچنے پر کارکنان اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں