ہمایوں اخترخان

اپوزیشن شارٹ مارچ یا لانگ مارچ کرے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی’ہمایوں اخترخان

اسلام آباد( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت انتخابی نظام میں شفافیت لانے کیلئے ہر ممکن پیشرفت کرے گی ،سینیٹ انتخابات میں جو حقائق سامنے آئے ہیں اس سے وزیر اعظم عمران خان کا موقف سچ ثابت ہواہے ،اپوزیشن انتخابی اصلاحات کیلئے غیر مشروط طور پر حکومت کے ساتھ بیٹھے ،احساس پروگرام کے تحت منصوبے فلاحی ریاست کی جانب عملی قدم ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاست اورذاتی مفادات سے بالا تر ہو کرمیں نہ مانوں کی رٹ کو چھوڑے اور انتخابی نظام سمیت جن قوانین میں سقم موجود ہیں ان میں اصلاحات کیلئے غیر مشروط طور پر حکومت کے ساتھ بیٹھے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت انتخابی نظام میں شفافیت لاناچاہتی ہے تاکہ کسی کوبھی نتائج پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے اور پاکستان استحکام کے ساتھ آگے بڑھے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کو صرف اپنے سیاسی مفادات عزیز ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے ماضی کے پیدا کئے گئے بیگاڑ درست کرنے کے لئے اپنی سیاست کی پرواہ کئے بغیر کئی غیرمقبول فیصلے بھی کئے ہیں۔ اپوزیشن شارٹ مارچ یا لانگ مارچ کرے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور انشا اللہ عوام آئندہ بھی تحریک انصاف کو حکومت میں لائیں گے اوراصلاحات اورترقی کاسفر مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں