خدمات کے شعبہ کی برآمدات

اپریل 2020ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 14.6فیصد کمی

اسلام آباد (عکس آن لائن)اپریل 2020ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 14.6فیصد کمی ہوئی ہے ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس )کے اعدادو شمار کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران برآمدات کا حجم 414.97ملین ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ اپریل 2019ء میں 486.08ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اسی طرح اپریل 2019ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 14.6فیصد یعنی 61.11ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران شعبہ کی مجموعی برآمدات 7.6فیصد کی کمی سے 4.668ارب ڈالر تک کم ہوگئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 5.052ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

دوسری جانب خدمات کے شعبہ کی درآمدات بھی 18.89فیصد کی کمی سے 8.982ارب ڈالر کے مقابلہ میں 7.285ارب ڈالر تک کم ہوگئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران خدمات کے تجارتی خسارہ میں 33.41فیصد کی کمی سے خسارہ 2.617ارب ڈالر تک کم ہوا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران شعبہ کا تجارتی خسارہ 3.929ارب ڈالر رہا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں