معین علی

انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی سری لنکا میں کورونا کا شکار

لندن (عکس آن لائن)انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی ٹیم کے دورہ سری لنکا کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 33 سالہ آل راؤنڈر کا ٹیسٹ سری لنکا روانگی سے قبل منفی آیا تھاتاہم سری لنکا پہنچتے ہی مثبت آیا اور اب وہ 10 روز تک سری لنکا کی حکومت کے قرنطینہ پروٹوکولز کے مطابق آئسولیشن میں چلے جائیں گے۔معین علی کے قریب رہنے والے ساتھی آل راؤنڈر کرس ووکس کو بھی آئسولیشن میں رکھا جائے گا اور ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق ٹیم کا ہمبنٹوٹا ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا اور اسی دوران معین علی کا ٹیسٹ مثبت آیا۔انگلینڈ کی ٹیم ایک روز آرام کرے گی اور بدھ کو اجازت ملنے کے بعد ٹریننگ شروع کرے گی۔انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہوگی اور پہلا ٹیسٹ 14 جنوری کو گال میں شروع ہوگا۔معین علی انگلینڈ کے پہلے کھلاڑی ہیں جن کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اس سے قبل ویسٹ انڈیز، پاکستان، آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز بغیر کسی کیس کے مکمل ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اس سے قبل جنوبی افریقہ کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس آئی تھی جب کیپ ٹاؤن میں ان کے ہوٹل میں کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے۔جنوبی افریقہ کے دورے میں انگلینڈ کی ٹیم کے دو کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے جو بعد میں غلط نکلے تھے۔دوسری جانب پاکستان اور سری لنکا نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باجود بالترتیب نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا دورہ برقرار رکھا۔انگلینڈ کی ٹیم لندن سے 2 جنوری کو ہمبنٹوٹا روانہ ہوئی تھی اور اس سے قبل ٹیم کے تمام ارکان اور انتظامیہ کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جو تمام منفی رپورٹ ہوئے تھے جبکہ سری لنکا پہنچنے پر اسپرے بھی کیا گیا تھا۔انگلینڈ کا دورہ سری لنکا گزشتہ برس شیڈول تھا لیکن 13 مارچ کو کورونا وائرس کی پہلی لہر سامنے آنے کے بعد ٹیم واپس چلی گئی تھی۔سری لنکا میں کورونا وائرس کے حوالے سے سخت اقدامات کیے گئے ہیں جہاں اب تک 44 ہزار 774 کیسز جبکہ 213 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں