عامر میر

انتظامی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کرپشن میں کمی اور کارکردگی میں بہتری کا سبب بن رہی ہے’عامر میر

لاہور ( عکس آن لائن)وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح شفافیت ہے، انتظامی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کرپشن میں کمی اور کارکردگی میں بہتری کا سبب بن رہی ہے،کوشش ہے کہ وہ تمام سرکاری محکمے جو اب تک مینوئل سسٹم کے تحت کام کر رہے ہیں ڈیجیٹلائز کی طرف آ ئیں، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ڈیجیٹلائزیشن کا مقصد بھی بلدیہ کے نظام کو شفاف بنانا ہے،کمپنی کے تحت ورکشاپس کی کمپیوٹرائزیشن کوڑا اٹھانے والی پیچیدہ مشینری کی مرمت اور خریداری کے اخراجات میں کمی کو یقینی بنائے گی جبکہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے فیسوں کی وصولی ریونیو میں اضافے کا سبب بنے گی۔

ان خیالات کا اظہار عامر میر نے آؤٹ فال روڈ پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ورکشاپ کی ڈیجیٹلائزیشن اور فیس وصولیوں کے لیے موبائل ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اپنے کام سے اپنے قیام کا جواز ثابت کیا۔ عید ہو یا برسات کمپنی کا عملہ ہر موسم اور ہر تہوار پر فیلڈ میں سرگرم عمل نظر ایا۔گزشتہ چند ماہ میں شہر کی صفائی کے حوالے سے جو تبدیلی واضح طور پر دیکھی گئی وہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے لے کر صفائی کرنے والے عملہ کی موقع پر موجودگی تھی جس کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کا سارا عملہ خصوصی شاباشی کا مستحق ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ افسران کی جانب سے حوصلہ افزائی ان کا عملے کا مورال بلند رکھتی ہے جبکہ چیک اینڈ بیلنس کا عمل اداروں کی کارکردگی کو موثر بناتاہے۔ اس موقع پر ورکشاپ کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر صاحب دین کو ہدایت کی کہ وہ کوڑے والے ڈرمز کی مضبوطی اور ہر جگہ دستیابی کو یقینی بنائیں صوبائی وزیر نے ڈرموں پر بنائے گئے نقش و نگار اور رنگوں کے استعمال سے متعلق بھی فیڈ بیک دیتے ہوئے گاڑیوں کی مرمت میں مصروف عملہ کی کارکردگی کو سراہا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بابر صاحب دین نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ کمپنی کے تحت 5 ورکشاپس میں 1749گاڑیوں کی مرمت کا کام تین شفٹس میں کیا جاتا ہے ورکشاپس کمپیوٹرائزیشن سے نہ صرف وقت اور پیسے کی بچت ہو گی بلکہ آ ئند ہ گاڑیوں کے انتخاب اور خریداری میں بھی آسانی ہو گی۔

اس کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی پروکیورنمنٹ اور فیسوں کی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے وصولی حکومت کی جانب سے شفافیت کی شرط کو بھی پورا کرے گی۔ بابر صاحب زادہ نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی میں بہتری کے لیے موجودہ حکومت کی جانب سے بھر پور تعاون پر تشکر کا اظہارکرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور وزیر بلدیات کی خصوصی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں کمپنی کی کارکردگی میں مزید بہتری کی یقین دہانی بھی کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں