حماس

انتخابی عمل معطل کرنے سے جامع قومی پروگرام متاثرہوا،حماس

بیروت (عکس آن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس پر زور دیا ہے کہ وہ قومی مصالحتی عمل کوآگے بڑھانے کے لیے مناسب فیصلے کریں۔ فلسطین میں انتخابی عمل معطل کرنے کے نتیجے میں قومی مصالحت کا پروگرام بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔فلسطینی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے صالح العاروری نے کہا کہ تمام فلسطینی دھڑے بالخصوص حماس اور فتح تحریک سابقہ مذاکرات کے ادوار میں جامع قومی پروگرام کے حتمی روڈ میپ تک پہنچ چکے تھے۔ تمام فلسطینی قوتوں نے قومی مصالحت کے لیے طویل سفر طے کیا مگر فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے انتخابات کا انعقاد منسوخ کرکے فلسطینی قوم کے اجتماعی فیصلے اور سوچ کی نفی کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قاہرہ میں فلسطینی دھڑوں میں ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی تھی۔ اس سے قبل بیروت اور رام اللہ میں ہونے والے اجتماعات میں بھی فلسطینی قوتوں نے ملک میں پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کے انعقاد پراتفاق کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں فلسطینی دھڑوں اور قوتوں میں مصالحت کی اشد ضرورت ہے اور فلسطینی قوم کو قابض دشمن کے مظالم کے خلاف متحد ہو کرآگے بڑھنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں