کامران بنگش

امپورٹڈحکومت یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کے چند ٹرک بھیجنے کی شوبازی کررہی ہے، کامران بنگش

پشاور(نمائندہ عکس ) خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و ہائر ایجوکیشن کامران بنگش نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت یوٹیلٹی اسٹورز پر فراہمی معطل کرکے آٹے کے چند ٹرک بھیجنے کی شوبازی کررہی ہے۔کامران بنگش نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کو آٹے کی ترسیل سے متعلق امپورٹڈ حکومت کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے بیان کو یکسر مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت صوبہ کے ہزاروں اسٹورز پر عوام کو سستا آٹا فراہم کر رہی ہے۔ دس بارہ ٹرک آٹے کی ترسیل خیبرپختونخوا کے4 کروڑ عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔

کامران بنگش نے کہا کہ آٹے سمیت تمام خوردنی اشیا کا حصول خیبر پختونخوا کے عوام کا آئینی و قانونی حق ہے، پنجاب سے آٹے اور گندم کی ترسیل پر پابندی آئین کی پامالی اور پختونوں کا استحصال ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سستے آٹے کی فراہمی کے لئے وزیراعلی محمود خان نے 12 ارب روپے مختص کئے ہیں، بیرونی ایجنڈے کے تحت مسلط حکومت نحوست اور بے برکتی لائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس کی ناروا لوڈشیڈنگ نے عوام کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے، اشیا خوردنی کے بعد شدید گرمی میں پیٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ کامران بنگش نے مزید کہا کہ اسمبلیوں کی فوری تحلیل اور شفاف انتخابات ہی قوم کے مسائل کا واحد حل ہے، قوم کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا ہے، اب مزید ڈرامہ بازیاں قبول نہیں، خیبرپختونخوا اسلامی و فلاحی ریاست کی جیتی جاگتی مثال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں