امریکی خاتون سنتھیا رچی

امریکی صحافی سنتھیارچی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پرپی ٹی اے کونوٹس

اسلام آباد(عکس آن لائن) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے امریکی صحافی سنتھیارچی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پرپی ٹی اے کونوٹس جاری کرتے ہوئے 13 جون تک جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادمیں سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو شہید کیخلاف الزامات عائد کرنے کے معاملے پر امریکی صحافی سنتھیارچی کیخلاف اندراج مقدمہ کی دوسری درخواست پر سماعت ہوئی ،عدالت نے امریکی صحافی سنتھیارچی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پرپی ٹی اے کونوٹس جاری کرتے ہوئے 13 جون تک جواب طلب کرلیا۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر افتخار شہزادہ نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے رجوع کیا تھا۔نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کے لیگل سیکشن کا کہنا ہے کہ سنتھیا رچی بظاہر تعزیرات پاکستان کے سیکشن 500 کے تحت بے نظیر بھٹو کی توہین کی مرتکب ہوئی۔

لیگل سیکشن کے مطابق سنتھیا رچی کے خلاف کارروائی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دائرہ کار میں آتی ہے۔اسلام آباد کی مقامی عدالت میں بھی مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے لیکن عدالتی نوٹس کے باوجود پیشرفت نہ ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کیا۔خیال رہے کہ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین کی جانب سے خودکو ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے اور رحمان ملک نے انہیں ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں