امرود کا پودا

امرود کا پودا ہر قسم کی زمین میں لگایاجاسکتاہے،ترجمان محکمہ زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاہے کہ امرود کا پودا ہر قسم کی زمین میں لگایاجاسکتاہے تاہم بہترین نتائج اوراچھی پیداوار کیلئے ذرخیز میرازمین انتہائی موزوں ہے لہٰذا باغبان لاڑکانہ صراحی ، سرخا، شرق پوری گولہ اور صدا بہار نامی اقسام کے نئے پودے لگانے کا عمل 15 اپریل تک مکمل کرسکتے ہیں ۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ باغبان امرود کا پودا لگانے کیلئے زمین کو اچھی طرح تیارکر لیں اور گوبر کی گلی سڑی کھاد کا زیادہ استعمال کریں ۔

انہوں نے کہاکہ ویسے تو امرود کی درجنوں اقسام زیر کاشت ہیں تاہم لاڑکانہ صراحی ، سرخا، شرق پوری گولہ اور صدا بہار اپنے ذائقے ، لذت اور خوبصورتی میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امرود جہاں کھانے میں انتہائی لذیز ہے وہیں یہ بہت سے جسمانی امراض میں بھی انتہائی مؤثر ثابت ہواہے۔انہوں نے کہاکہ امرود میں شامل آئرن اور وٹامن کی وافر مقدار نزلہ ، زکام، کھانسی ، وائرل انفیکشن سے نجات دلاتی ہے ۔ اسی طرح امرود کا استعمال انسان کو ایگزیما سمیت دیگر جلدی امراض اور کاسمیٹکس کے استعمال سے پہنچنے والے جلدی نقصان سے بھی بچاتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ امرود میں موجود حیاتین ، پوٹاشیم جسم کے اندر موجود زہریلے و فاسد مادوں کو بآسانی خارج کرنے میں مدد دیتاہے۔ اسی طرح امرود کا استعمال بڑھاپے کی جھریوں ، مسوڑھوں کی سوزش ، دانتوں سے خون کی آمد بند کرنے سمیت آنکھوں کی بیماری موتیاسے بھی بچاؤ میں معاون ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت سے بھی رابطہ کیاجا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں