مسرت چیمہ

الیکشن کمیشن نے فارم 45پر ٹمپرنگ کر کے خود ہی ثابت کر دیا 8فروری کو”سپر رگڈ ”الیکشن ہوئے ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فارم 45پر ٹمپرنگ کر کے کمال مہارت سے خود ہی ثابت کر دیا ہے کہ 8فروری کو ”سپر رگڈ ”الیکشن ہوئے ،شہباز شریف نے مقد س ایوان میں کی گئی تقریر میں خود تسلیم کر لیا کہ انہیں بطور قائد حزب اختلاف منتخب کیا گیا ہے ، اگر مسلم لیگ (ن) والوں کو ووٹ ملے ہوتے تو وزیر اعظم کی کرسی پر شہباز شریف کی جگہ نواز شریف بیٹھے ہوتے ۔

جمشید اقبال چیمہ کے ہمراہ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فارم 45میں جو ٹمپرنگ کر کے اسے اپنی وئب سائٹس پر لگایا ہے اس طرح تو پہلی کلاس کا بچہ بھی نہیں کرتا لیکن قوم اور پی ٹی آئی کا ایک ایک کارکن ان کے شکر گزار ہیں کہ دھاندلی کو ثابت کرنے کے لئے اعلیٰ عدلیہ معلوم نہیں ہم سے کیا کیا مانگتی جو خود ہی الیکشن کمیشن نے ثبوت کے طور پر فراہم کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کو نہ قوم اور نہ ہی تاریخ معاف کرتی ہے کیونکہ بڑی جدوجہد کے بعد عوام ایک بڑے مقصد کے لئے بغیر کسی سپورٹ اورکسی کی سواری کو استعمال کئے ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنز پہنچے تھے لیکن ان کے مینڈیت پر ڈاکہ ڈال دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پہلے شہباز شریف سے خود پوچھ لے وہ خو د کو وزیر اعظم مانتے ہیں یا نہیں کیا وہ عوام کے ووٹوں سے وزیر اعظم کے منصب پر بیٹھے ہیں ،عوام زور زبردستی کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان سے کہنا چاہتی ہوں آپ نے مایوس نہیں ہونا ، ہم نے ملک کو حقیقی منزل تک پہنچانے کیلئے اپنی پر امن جمہوری جدوجہد کو جاری رکھنا ہے ، 8فروری کو آپ جیت آپ چکے ہیں اور بہت جلد شکست خوردہ ٹولہ بھی اس حقیقت کو تسلیم کر لے گا۔

انہوںنے کہا کہ ہم دھاندلی کے خلاف اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں اور کراتے رہیں گے ، جس الیکشن کمیشن نے دھاندلی نہیں دھاندلا کیا ہے کیا اس سے انصاف کی توقع رکھی جا سکتی ہے ، مخصوصی نشستیں ہمار ا حق ہے تکنیکی جواز بنا کر انہیں کسی اور جماعت کو کیسے دیا جا سکتا ہے ، ان شا اللہ عوام کو بہت جلد انصاف میسر آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں