فردوس عاشق اعوان

اضاخیل ڈرائی پورٹ تجارتی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم ثابت ہوگا،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(عکس آن لائن )وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اضاخیل نوشہرہ ریلوے ڈرائی پورٹ کا قیام تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا جدید ترین سہولیات سے لیس یہ پورٹ نہ صرف عوام اور تاجروں کی ضروریات پوری کرے گی بلکہ مال برداری کی نقل و حمل میں بہت آسانیاں پیدا ہوں گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ریلوے ملک کی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، وزیراعظم عمران خان پاکستان ریلوے کی ترقی اور بحالی کیلئے پرعزم ہیں، ان کا وژن ہے کہ قوموں کی ترقی اور ملکی معیشت میں ریل روڈ نیٹ ورکس ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا بارہ ماہ کے قلیل عرصہ میں اضاخیل ڈرائی پورٹ کا پایہ تکمیل کو پہنچنا وزیر ریلوے اور ان کی ٹیم کی محنت اور مخلصانہ کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،کراچی سے پشاور ایم ایل ون منصوبہ،15 مال بردار اور نئی مسافر ٹرینوں کا چلنا نئے پاکستان میں بدلتے ہوئے ریلوے کا مظہر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں