اشرف بھٹی

اصلاحات ،معیشت کو دستاویزی بنانے کیلئے سٹڈی رپورٹ تیار کرائی جائے ‘ اشرف بھٹی

لاہور( عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35روپے لیٹر اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واضح ہو گیا ہے کہ حکومت کو آئی ایم ایف کی شرائط کی کڑوی گولی نگلنا پڑے گی ، حکومت معیشت سے جڑے تمام شعبوں میں اصلاحات اور معیشت کو دستاویزی بنانے کیلئے مقامی اور بین الاقوامی ماہرین سے سٹڈی رپورٹ تیار کرائے ، اب وقت آ گیا ہے کہ پائیدار معیشت اوراس کے تسلسل کیلئے قومی پالیسی مرتب کی جائے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں یکدم اتنے بڑے اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا ، عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے جس سے ہر طرح کے کاروبار میں شدید مندی کا رجحان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے دو ہزار ارب روپے کی مالیاتی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی ہے جو انتہائی تشویش کا باعث ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ حکومت معیشت کو دستاویزی شکل دے جس سے ٹیکس کلیکشن میںبھی خاطرہ خواہ اضافہ ہوگا ۔ حکومت اصلاحات کے ذریعے ایف بی آر کی کارکردگی اور استعداد بڑھائے اور اس کے بعد شعبوں کو کیٹگرائز کر کے سروے کئے جائیں اور ٹیکس کا نفاذ کیا جائے۔

حکومت ٹیکس کی شرح کو کم سے کم رکھے جس سے بغیر خوف و ہراس پھیلائے موجودہ ہدف سے کئی گنا زیادہ ٹیکس کلیکشن یقینی بنائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اور لگژری مصنوعات منگوانا مشکل بنایا جائے اور اس کیلئے ڈیوٹیز بڑھانے سمیت کڑی شرائط عائد کی جائیں ۔حکومت سے اپیل ہے کہ آئی ایم ایف سے ہونے والی بات چیت پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں