مرتضی سولنگی

اس وقت ہم الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں، 8 فروری 2024ء کو عام انتخابات ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی

ملتان (عکس آن لائن) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ اس وقت ہم الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں، 8 فروری 2024ء کو عام انتخابات ہوں گے، آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، تمام جماعتوں کو مساوی کوریج دی جا رہی ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگوں کے تاثرات کیا ہیں؟۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ انتخابات میں فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں پریس بھی آزاد ہے، عدلیہ بھی آزاد ہے۔

نگران وزیر اطلاعات نے کہاکہ جمہوریت کے اندر شور اور آوازیں ہوتی ہیں، یہ جمہوریت کا حصہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ جمہوریت قبرستان نہیں ہے جہاں خاموشی ہو، آنے والی پارلیمان اور آنے والی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں پیشنگوئی نہیں کی جا سکتی۔ نگران وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہمیں جس حالت میں ملک ملا ہے اس سے بہتر حالت میں اگلی حکومت کو منتقل کر کے جائیں گے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ بنیادی فیصلہ سازی نگران حکومتوں کا کام نہیں، یہ منتخب حکومت اورمنتخب پارلیمان کا کام ہے،اگلے دو ماہ کے اندر جو ہمارے بس میں ہے ہم کریں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ وزارت فوڈ سیکورٹی اپنا کام کر رہی ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت بھی زراعت کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ زراعت صوبائی سبجیکٹ ہے لیکن اس کے باوجود ہم مل کر کام کریں گے، نگران وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان ٹیلی ویڑن ملتان سینٹر سے 24 گھنٹے علاقائی نشریات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ پی ٹی وی ملتان سے ایک ہفتہ میں حالات حاضرہ کے 8 پروگرام پیش کئے جائیں گے، پی ٹی وی ملتان سے موسیقی، ادب اور بچوں کے پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ پی ٹی وی کی نشریات دنیا کے پچاس ممالک میں دیکھی جا سکے گی۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ بطور ڈی جی ریڈیو سرائیکی میں خبروں کا آغاز کیا، پی ٹی وی ملتان کا علاقائی ثقافت کی ترقی میں اہم کردار ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ شہریوں کے معاشی و ثقافتی حقوق کے تحفظ کے لئے پی ٹی وی ملتان اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ پی ٹی وی ملتان اس خطے کے عوام کے حقیقی مسائل کی آواز بنے

اپنا تبصرہ بھیجیں