اسپیکر پنجاب اسمبلی

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سیاسی مسائل کے حل کے لئے گرینڈ ڈائیلاگ کی تجویز دے دی

لاہور ( عکس آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خان نے سیاسی مسائل کے حل کے لئے گرینڈ ڈائیلاگ کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ بھی ہوا وہ فرد واحد کے خلاف نہیں تھا بلکہ ملک کی بے توقیری ہوئی ،ہمیں اپنے اداروں کی عزت اور ملکر چلنا چاہیے ۔

انہوں نے اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے پاکستا ن ہے ، پاکستان کا پرچم سر بلند ہے تو ہماری بھی عزت ہے اور اداروں کی بھی عزت ہے ۔نومئی کے واقعہ پر دل بہت ہی رنجیدہ ہے ، جو کچھ بھی ہوا وہ فرد واحد کے خلاف نہیں تھا بلکہ ملک کی بے توقیری ہوئی ، نومئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتاہوں، فوج ہو یا کوئی اور ادارہ یہ سب ہمارے اپنے ہیں، میرا اپنا خاندان سپاہی سے لیکر لیفٹیننٹ جنرل تک فوج کا حصہ ہے ، ہمارے خاندان کے پاک فوج میں دو شہید بھی ہیں ،ناخوشگوار واقعہ ہوا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،نومئی کے واقعات نہیں ہونے چاہیے تھے ۔

سبطین خان نے کہا کہ یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ بے گناہ لوگوں کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہونی چاہیے ،یہ تاریخ بتائے گی یا وقت آنے پر ثابت ہوگا کہ کہاں غلطی ہوئی ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں کوئی فیصلہ نہیں لے رہا اور مجھ پر کوئی دبائو بھی نہیں ، فوج ،ادارے ہمارے اپنے ہیں ہمیں اداروں کے ساتھ ملکر چلنا چاہئے ، سب نے ملکر اس ملک میں رہنا ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ پی ڈی ایم سمیت سب کو ملکر بیٹھنا چاہیے ، آصف زرداری نے ڈائیلاگ کی بات کرکے اچھا قدم اٹھا یا ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف کو انتہا پر نہیں جانا چاہیے،انہیں مصالحت کی بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل کے حل کے لئے گرینڈ ڈائیلاگ ہونا چاہے یہ ملک کی جمہوریت کے لئے بہتر ہے ، ہمیں اپنے اداروں کی عزت کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں