فردوس عاشق اعوان

اسلامی دنیا کشمیریوں کا جائزحق دلوانے میں عملی کردار ادا کرے ، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کا بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں بیان قابل تحسین ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل اور او آئی سی کی قراردادوں پر عملدرآمد کے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہیں،اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم کا مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ان مظلوموں کیلئے حوصلے کا باعث ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا او-آئی-سی کی مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں اور پاکستان کے اصولی موقف کی غیر متزلزل حمایت قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا یہ امت مسلمہ کے کشمیریوں کیلئے احساس ہے اور بھارتی انسانیت سوز مظالم کا بھی اعتراف ہے،اس اہم اور سنجیدہ انسانی مسئلے پر او آئی سی کا اجلاس بلانا مظلوم کشمیریوں کے حوصلوں کو مزید بلند اور انکی آواز کو مزید قوت دے گا،مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے، پوری وادی جیل کا منظر پیش کر رہی ہے،اسلامی دنیا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کا جائز، جمہوری اور قانونی حق دلوانے میں عملی کردار ادا کرے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہااو آئی سی کے انتہائی اہم وفد کے آزاد جموں کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے دورے سے بھارتی جرائم دنیا کے سامنے آئیں گے، پوری دنیا پر یہ بھی ثابت ہو چکا ہے کہ بھارت مسلسل جھوٹ بول رہا ہے اور انسانیت کے خلاف اپنے جرائم اور عالمی ضابطوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے،بھارت ان جرائم میں ملوث نہ ہوتا تو او آئی سی سمیت پوری دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر جانے کی اجازت دیتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں