وزیر خارجہ

اسلاموفوبیا کے نفرت انگیز بیانیے کو لگام دی جانی چاہیے، وزیر خارجہ

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا کے نفرت انگیز بیانیے کو لگام دی جانی چاہیے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آج میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر میں نے اس معاملے کو نیامے میں منعقد ہونیوالے، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47ویں اجلاس میں اٹھایا۔

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ نیامے میں ہونیوالے اجلاس میں زمین ہموار ہوئی اور ہم نے امہ کو اس مسئلے پر یکجا کیا اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف متفقہ قرارداد منظور ہوئی، اس کے بعد اقوام متحدہ میں قرارداد پاکستان نے پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، نفرت انگیز بیانیے کو لگام دینی چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الحمدللہ دنیا نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا ہے اور ہماری تجویز پر یہ فیصلہ ہوا ہے کہ ہر سال 15 مارچ کے دن کو اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے طور پر منایا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان کو اسلاموفوبیا کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، میں اس کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں