راجہ پرویز اشرف

اسرائیل کی غزہ کے نہتے شہریو ں پرجارحیت کسی طور بھی قابل قبول نہیں ،راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (عکس آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ کے نہتے فلسطینی شہریو ں پرجارحیت کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہے، عالمی برادری اور اقوام متحدہ فوری جنگ بندی کے لئے موثر اقدامات کرے۔ جمعہ کو سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اسلام ا?باد میں فلسطین کے سفارتخانے کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع سے ملاقات کی اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ انہوں نے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی بمباری سے بڑے پیمانے پر شہریوں کے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اوراسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر فلسطینی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی غیرقانونی اور غیرانسانی جارحیت کسی طور قابل قبول نہیں ہے، پاکستانی عوام کے دل بھی فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کے جانی نقصان پر افسردہ ہے ، مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کی ہمت ،حوصلے اورجذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ فوری جنگ بندی کیلئے موثر اقدامات کریں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیربھٹو کے وڑن پرعمل کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ، پاکستان فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔

فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی پر سپیکرقومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطینی عوام کیلئے ان کے جذبا ت اور احساسات کو سراہا۔ اس موقع پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے سفارتخانے میں رکھی ہوئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں