جماعت اسلامی

احتجاجی دھرنوں پر مشاورت ، جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے اعلیٰ سطحی کا اجلاس کل منصورہ میں ہوگا

لاہور (عکس آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ احتجاجی دھرنوں کے حوالے سے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کا اعلیٰ سطحی کا اجلاس کل 20جنوری کو صوبائی دفتر منصورہ میں ہو گا۔ اجلاس میں دھرنوں کے شیڈول اور احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دینے کا کالا قانون نا منظور ہے۔ حکمرانوں نے پاکستان کی معاشی خود مختاری آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی ہے۔ پاکستان کی معاشی غلامی پر مبنی غلامانہ قانون سازی کو فی الفور واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے ٹیکسوں سے گورنر اسٹیٹ بنک کو ماہانہ ڈیڑھ کروڑ روپے تنخواہ دینا سرا سر ظلم ہے۔آئی ایم ایف کے مسلط کردہ گورنر اسٹیٹ بنک کو فوری طور پربر طرف کیا جائے۔ حکمران جعلی پیکیج کا اعلان کرنے کی بجائے اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو 2018ءکی سطح پر واپس لائےں، تاکہ عوام کو کچھ ریلیف میسر آسکے۔

عوام کا مہنگائی ، بے روزگاری اور حکمرانوں کے دیگر عاقبت نا اندیش فیصلوں نے کچومر نکال کر رکھ دیا ہے۔ مدینہ کی اسلامی ریاست کے مقدس نام کی توہین کے مرتکب حکمرانوں نے سودی معیشت کے شکنجے کو پہلے سے زیادہ کس کر، عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سودی نظام معیشت کا خاتمہ کرکے عوام پر مسلط قرضوں سے نجات دلائی جائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم اس وقت مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔ معاشی حالات دن بدن خراب ہو رہے ہیں۔ موجودہ حکمران بھی ماضی کی حکومتوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ان سے نجات حاصل نہ کی گئی تو ملک کا دیوالیہ ہوجائے گا۔موجودہ نا اہل حکمران انتہا ئی بے حس ہو چکے ہیںاور انھیں عوام کی پریشانیوں سے کوئی سرو کار نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں