اشرف بھٹی

آنے والی حکومت کو سب سے پہلے میثاق معیشت کیلئے پیشرفت کرنی چاہیے ‘ اشرف بھٹی

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صد راشرف بھٹی نے کہا ہے کہ نئی آنے والی اتحادی حکومت کو سب سے پہلے میثاق معیشت کیلئے پیشرفت کرنی چاہیے ،مہنگائی اوربیروزگاری کے خاتمے کے لئے معیشت کو پائوں پر کھڑا کرنا ہوگا جس کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے ، خدارا اب کوئی بھی جماعت احتجاج کی دھمکیاںنہ دے ۔

اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ آئندہ جو بھی حکومت بنے گی اس کے سامنے مشکلات کے پہاڑ ہوںگے اس لئے موجودہ حالات میں اتفاق رائے وقت کا تقاضہ ہے ۔ سیاسی جماعتیں اس وقت اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر آگے بڑھیں۔

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرنے اور انہیں حکومت سازی کے مرحلے میں شامل ہونے کی پیشکش کر کے مثبت پیشرفت کی ہے اور امید ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس پر اپنا مثبت رد عمل دیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے کوئی جماعت تنہا ان سے نبرد آزما نہیں ہو سکتی بلکہ اس کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

انہوںنے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ حکومت سازی کے عمل میں بے چینی اور افرا تفری کی صورتحال پیدا نہ ہونے دیں بلکہ ملک و قوم کے لئے اتحاد کا مظاہر ہ کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں