فواد چوہدری

آزادی مارچ دھرنے کے لیڈر گھروں میں بیٹھ کر حلوہ کھا رہے ہیں ، کارکنان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں‘ فواد چوہدری

اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آزادی مارچ دھرنے کے لیڈر گھروں میں بیٹھ کر حلوہ کھا رہے ہیں جبکہ کارکنان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں‘ لگتا ہے کہ فضل الرحمان اپنے ہی کارکنوں کو سہولیات دینے سے انکاری ہیں‘ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف پہلے مریض ہیں جو تشویشناک حالت میں گھر منتقل ہوئے ہیں‘ دعا گو ہیں کہ اﷲ ان کو صحت دے۔

جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کرتار پور راہداری سے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا میں اجاگر ہوا ہے ہم دنیا میں ابھرتی ہوئی قوم ہیں اور ملک کو پیچھے نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صحت کے لئے دعا گو ہیں نواز شریف پہلے مریض ہیں جو تشویشناک حالت میں گھر منتقل ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں جس طرح اشرافیہ نے قوم کو لوٹا اس کا بھی حساب ہونا چاہئے جبکہ تمام تر کوششوں کے باوجود پاکستان آگے جائے گا۔ فواد چوہدری نے فضل الرحمان کے دھرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے دھرنے میں خواتین کو جیلوں میں ڈالا گیا تھا بچوں پر کیسز بنائے تھے۔

اس دھرنے میں لیڈر شپ گھر پر بیٹھ کر حلوہ کھا رہی ہے اور کارکن باہر ہیں حیران ہوں کس طرح سے فضل الرحمن اپنے کارکنوں کو ہی سہولیات دینے سے انکار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی رات جس طرح کی زبان فضل الرحمن نے اقلیتوں کے لئے استعمال کی وہ سب کے سامنے ہے فضل الرحمن کے بیانیے سے قوم کو بہت نقصان پہنچا ہے انہوں نے کہا کہ دھرنے سے حکومت اور اسلام آباد کو کوئی خطرہ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں