شفقت محمود

آریا پار کی دھمکیاں لگانے والوں کی اپنی سیاست تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں سے پار چلی گئی ہے ‘شفقت محمود

لاہور( عکس آن لائن)وفاقی وزیر تعلیم و تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے کہا ہے کہ سیاسی بیروزگاروں کی ایسوسی ایشن غور سے سن لے وزیر اعظم عمران خان جیسا بہادر لیڈر لانگ مارچ کی گیدڑ بھبھکیوں سے ہرگز خوفزدہ ہونے والا نہیں ہے ، عمران خان کا کہا ہوا ایک بار پھر سچ ثابت ہو گیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور اپنے مفادات کیلئے دونوں ایک ہو جائیں گے ، رانا ساجد شوکت نے کامونکی میں کارکنوں اور عوام کا جتنا بڑا اکٹھ کیا ہے پی ڈی ایم والوں کو چیلنج ہے کہ وہ اس کا نصف اکٹھا کر کے دکھا دیں ، آریا پار کی دھمکیاں لگانے والوں کی اپنی سیاست تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں سے پار چلی گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کامونکی میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پنجاب کے جنرل سیکرٹری رانا یاسر ہمایوں اور سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ ،رانا ساجد شوکت سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر رہنمائوں کو پگڑیاں بھی پہنائی گئیں۔شفقت محمود نے کہا کہ اتنے بڑے جلسے کے انعقاد پر رانا ساجد شوکت اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور انہوںنے ثابت کر دیا ہے کہ پنجاب اب مسلم لیگ (ن) نہیں بلکہ تحریک انصاف کا گڑھ ہے ۔انہوںنے کہا کہ قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں لیکن جب انہیں ایماندار قیادت میسرہو تویہ مشکل وقت کٹ جاتا ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت کو ایسے ملک کی با گ ڈور ملی جو دیوالیہ ہونے کے قریب تھا اور اپوزیشن بغلیں بجا رہی تھی کہ وفاق میں پہلی بار حکومت بنانے والی تحریک انصاف ناکام ہو جائے گی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے نیک نیتی اور عزم سے اپوزیشن کی ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔

وزیر اعظم عمرا ن خان نے اپنی سیاست کو بچانے کے لئے نہیں بلکہ ملک کو بچانے اور اسے معاشی طور پر اپنے پائوں پر کھڑ اکرنے کیلئے بروقت اور غیر معمولی فیصلے کئے اور یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان درست سمت میں گامزن ہے جبکہ اپوزیشن کی سیاست کی نبض ڈوب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح اپنی انا اور کمیشن والے منصوبے شروع نہیں کئے بلکہ ہم نے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے ترجیحات کا تعین کیا ، صحت کارڈ کا منصوبہ پاکستان کی تاریخ میں ایک انقلاب ہے جس سے عوام کو بلا تفریق مفت علاج کی سہولتیں میسر آئیں ہیںاور ہمارا یہی منصوبہ اپوزیشن کی سیاست کو ہڑپ کر جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایک طرف لانگ مارچ کا اعلان کر رہی ہے اور دوسری طرف خود ان کی اپنی ٹانگیں بھی کانپ رہی ہیں ، عوام اب با شعور ہو چکے ہیں وہ کرپٹ ٹولے کی سیاست کو بچانے کے لئے ایندھن نہیں بنیں گے۔

راجہ یاسر ہمایوںاور مسرت جمشید چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجا ساجد شوکت اور ان کی ٹیم نے عظیم الشان جلسے کا انعقاد کر کے لانگ مارچ کرنے والوں کو کھلا چیلنج دیدیا ہے ۔کارکنان اور عوام کا ٹھاٹھیں مارتا یہ سمندر بتا رہا ہے کہ آنے والا وقت بھی عمران خان اور تحریک انصاف کا ہے اور انشا اللہ ہم پہلے سے زیادہ اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔رانا ساجد شوکت نے کہا کہ کامونکی کے عوا م نے پنڈال میں پہنچ کر ثابت کیا ہے کہ وہ ماضی کے کرپٹ ٹولے کی سیاست سے بیزار ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور ان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ حلقے کی عوام اور کارکنوں نے میر اسر فخر سے بلند کر دیا ہے اور میں ان کی محبتوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں