قمر زمان کائرہ

آئین اور قانون کے مطابق مسائل کا حل نکالا جائے ، قمر زمان کائرہ

اسلام آ باد (عکس آن لائن) وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کی جارہی ہے ، آئین اور قانون کے مطابق مسائل کا حل نکالا جائے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہر جانب سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ عدالت عظمی اس معاملے میں فل کورٹ بنائے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ عدالتی فیصلہ اپنے اثرات چھوڑے گا ، ماضی میں بھی عدالتوں کے پاس سیاسی اور دیگر مقدمات پہنچے تھے ۔ آج پاکستان سیاسی ، معاشی اور دیگر چیلنجز کا سامنا کررہا ہے اس میں عدالتی چیلنج کا بھی سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایک ہیجان پیدا کر دیا ہے، اس میں صرف جذبات کو سنا جاتا ہے ،عقل پیچھے رہ جاتی ہے ۔ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہیجان اور جذباتی کیفیت سے باہر نکل کر سانس لیں اور حالات کا تجزیہ کریں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم پاکستان کے قانون اور آئین پر عمل درآمد کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں نہ کہ اور مسائل پیدا کریں ، یہ ماضی میں بھی ہوتا رہا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بہر حال فیصلے عدالتوں نے ہی کرنے ہیں اس وقت وکلا، سیاسی جماعتوں ، میڈیا اور عدالت کے اندر جج صاحبا ن کی طرف سے بھی مطالبہ ہے کہ اس معاملے پر فل کورٹ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں روز کہا جاتا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل نکالا جائے ، سیاسی جماعتیں بڑی تعداد میں اکٹھی ہیں ، مشاورت سے فیصلے ہورہے ہیں اسی طرح جو ساتھ نہیں بیٹھ رہے ان کی بات کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پائیدار امن کی طرف جانا ہوگا ، عدالت کا ماحول اور فیصلہ مستقبل کا فیصلہ کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے سربراہ نے بھی بات چیت آگے بڑھانے کی بات کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں