ہمایوں اختر خان

آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام سمیت ہر شعبے کی بقاءکا بجٹ ہوگا ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام سمیت ہر شعبے کی بقاءکا بجٹ ہوگا اور وزیر اعظم عمران خان اپنی اقتصادی ٹیم کے ہمراہ دن رات اس پر سوچ بچار کر رہے ہیں،قومی ایشوز سے نبرد آزما ہونے کےلئے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن بد قسمتی سے اپوزیشن نے موجودہ حالات میں بھی سیاسی پوائنٹ سکورننگ کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیںجانے دیا ،عالمی ادارے ایمر جنسی کی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وسطی پنجاب اور حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماﺅں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آج پاکستان سمیت پوری دنیا کو جس غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے ایسا ایک صدی میں نہیں ہوا ،حکومت کورونا وائرس کی وباءسے نمٹنے کےلئے ہر وہ اقدامات اٹھا رہی ہے جو ایک انسان کے بس میں ہے لیکن اپوزیشن کسی طرح کی تجاویز دینے کی بجائے میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہے جو قابل مذمت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ حکومت نے کمزور طبقات اور تمام شعبوں کو بلا تفریق ریلیف پیکج دیا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال موجود نہیں ،حکومت نامساعد معاشی حالات کے باوجود ہر شعبے کو سہارا دے رہی ہے لیکن اپوزیشن ستائش کرنا تو دور کی بات مطمئن ہی نہیں ہو رہی اور مایوسی پھیلا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بہت مشکل بجٹ ہوگا بلکہ یہ عوام سمیت ہر شعبے کی بقاءکا بجٹ ہوگا ، حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ موجودہ حالات میں تمام شعبوں کو مزید سہارا دیا جائے تاکہ ہماری معیشت کا پہیہ رواں دواں رہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس کی رفتاربھی بڑھائی جائے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں