لاہور(عکس آن لائن )مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت دعوے کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ۔شہباز شریف نے اپنے وکیل مصطفی رمدے کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔
شہباز شریف نے اپنی درخواست میں وزیر اعظم عمران خان اور ٹرائل کورٹ کے جج کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پونے چار سال قبل جھوٹے الزامات لگانے پر عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کیا ۔طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ہتک عزت دعوے پر عمران خان کی جانب سے جواب داخل نہیں کیا گیا ۔قانون کے مطابق 90 روز میں ہتک کے عزت کے دعوی کا فیصلہ ہونا چاہیے ۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ٹرائل کورٹ میں 62 بار سماعت ملتوی کی استدعا کی گئی ۔عمران خان نے مرکزی درخواست میں ہی متفرق درخواست دی اور دو سال ضائع کرنے کے بعد درخواست واپس لے لی ۔
عدالتی کاروائی کا حصہ نہ بننا عدالتی نظام کے مذاق اڑانے کے مترادف ہے ۔استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ ٹرائل کورٹ کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دے ۔فاضل عدالت نے شہباز شریف کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ۔رجسٹرار آفس نے شہباز شریف کو درخواست سے پہلے ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے پاس درخواست نہ دینے کا اعتراض عائد کیا تھا۔