پاکستان تحریک انصاف

صالح محمد سے وفاقی پولیس کا رویہ ،تحریک انصاف کا وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور آئی جی اسلام آباد کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد (نمائندہ عکس)رکنِ قومی اسمبلی صالح محمد سے وفاقی پولیس کے نہایت توہین آمیز سلوک کا معاملہ ،پاکستان تحریک انصاف کا وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور آئی جی اسلام آباد کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ اتوار کو سابق سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے نام کھلا خط لکھ دیا جس میں کہاگیاکہ پارلیمان کو اپنی ہیئت، کردار اور حیثیت کے اعتبار سے ملکی سیاسی نظام میں غیرمعمولی تقدیس اور مرکزیت حاصل ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا دستور اللہ تعالیٰ کی مطلق حاکمیت کے بعد اختیارات کا سر چشمہ عوام کو قرار دیتا ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ آئین ریاست کو عوام ہی کے منتخب نمائندوں کے ذریعے ان اختیارات کیاستعمال کا حق سونپتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اجتماعی ادارہ سازی کے ساتھ آئینِ پاکستان ہر شہری کیلئے انفرادی حقوق کا بھی بطورِ خاص اہتمام کرتا، آئین شہریوں کے جان، مال، عزت و آبرو کے شرفِ انسانی اور تکریمِ آدم کے مکمل تحفظ کا ضامن ہے۔ خط میں کہاگیاکہ 21 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کیس کے فیصلے کے اعلان کے موقع پر رکن قومی اسمبلی صالح محمد بھی موجود تھے۔

اسد قیصر نے کہاکہ وفاقی پولیس نے پہلے اسمبلی قواعد و ضوابط اور اراکینِ پارلیمان کی گرفتاری کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی واضح خلاف ورزی کرتے ہوئے بیہودہ الزام میں صالح محمد کو گرفتار کیا۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پھر وفاقی پولیس نے نہایت توہین آمیز طریقے سے ان کے گلے میں تختی لٹکا کر ان کی تصویر بنائی اور اسے میڈیا و سماجی میڈیا پر جاری کیا۔ اسد قیصر نے کہاکہ وفاقی پولیس کی یہ مذموم حرکت ایک رکنِ قومی اسمبلی، انکے اہلِ خانہ اور انکی جماعت کیلئے تکلیف و آزار کا باعث بنی۔ اسد قیصر نے کہاکہ وفاقی پولیس نے پوری دنیا میں پارلیمان کی بدنامی اور توہین کا سامان کیا، پشتون قوم خصوصاً مانسہرہ کے عوام اپنے نمائندے کے ساتھ اس شرمناک سلوک پر سخت رنجیدہ ہیں،

اس معاملے پر سخت ردعمل ریاست کیلئے مثبت اشارہ نہیں ہو گا۔ اسد قیصر نے کہاکہ ایوان کے سربراہ کے طور پر آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اسلام آباد پولیس کے اس شرمناک اقدام کا فوری نوٹس لیں، بطور سپیکر آپ رکنِ قومی اسمبلی صالح محمد کی گرفتاری اور ان سے توہین آمیز سلوک کی جامع تحقیقات کے ذریعے ذمہ داروں کے تعین کے ساتھ انکے خلاف سخت کارروائی کا اہتمام کریں۔ اسد قیصر نے کہاکہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو استحقاق کمیٹی میں طلب، آئی جی اسلام آباد کو ذمہ داروں سمیت فوری معطل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں