کماد

جو کاشتکارابھی تک کماد کاشت نہیں کرسکے وہ رواں ہفتہ کے دوران کماد کی بہاریہ کاشت مکمل کرسکتے ہیں، 100سے 120من بیج فی ایکڑ استعمال کریں ، محکمہ زراعت

فصل آباد۔(عکس آن لائن):محکمہ زراعت نے کہاکہ جو کاشتکار کسی وجہ سے فروری میں کماد کاشت نہیں کرسکے وہ رواں ہفتہ کے دوران کماد کی بہاریہ کاشت مکمل کرسکتے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد محمودنے کہاکہ کاشتکار اچھی پیداوار کے حصول کیلئے 100سے 120من بیج فی ایکڑ استعمال کریں جبکہ بیج کی کاشت کے دوران منظور شدہ اقسام کو ہی ترجیح دی جائے اور غیر منظورشدہ اقسام کی کاشت سے اجتناب کیاجائے تاکہ بعد ازاں انہیں کسی دشواری کاسامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے کہاکہ کاشت سے پہلے بیج کوکسی پھپھوندی کش دوائی کے محلول میں تین سے پانچ منٹ تک بھگونے سے جہاں کماد کی فصل بیماریوں سے محفوظ رہ سکتی ہے وہیں اس کی بڑھوتری بھی متاثر نہیں ہوتی۔

انہوں نے بوائی کے وقت درمیانی ذرخیز زمین میں دو بوری ڈی اے پی اور دو بوری پوٹاشیم سلفیٹ بھی ڈالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار گہری کھیلیوں میں کاشت اور کھادوں کے متناسب استعمال کابھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ کھیلیوں میں کاشت سے جہاں 50فیصد تک پانی کی بچت ہوتی ہے وہیں فصل گرنے سے محفوظ اور اضافی پیداوار کی بھی ضامن ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں