حسان خاور

اپوزیشن عدم اعتماد میں ناکامی پر اب لانگ مارچ کا سہارا لے رہی ہے، حسان خاور

لاہور (نمائندہ عکس ) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن عدم اعتماد میں ناکامی پر اب لانگ مارچ کا سہارا لے رہی ہے،کرپٹ اپوزیشن ذاتی مفاد کیلئے عالم اسلام کے عظیم لیڈر کو ہٹانا چاہتی ہے، اسلامو فوبیا کیخلاف وزیراعظم عمران خان کی کاوشیں رنگ لے آئی ہیں، کپتان نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے بھی عظیم لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

حسان خاور نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے پاکستان کی قرارداد منظور کر لی ہے، ہر سال 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن منایا جائے گا، یہ بڑی سعادت عمران خان کے حصے میں آئی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ سابق مغرب نواز کٹھ پتلی حکمرانوں نے اس اہم ایشو پر جان بوجھ کر خاموشی اختیار رکھی، مغرب سے مال اور مفاد سمیٹنے والے کیسے مغرب کے سامنے کھڑے ہوتے، فضل الرحمان اگر اسلام آباد کی بجائے اسلام پسند ہوتے تو آج عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے۔ وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہی اس قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، دوسری طرف کرپٹ اپوزیشن ذاتی مفاد کیلئے عالم اسلام کے عظیم لیڈر کو ہٹانا چاہتی ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد میں ناکامی پر اب لانگ مارچ کا سہارا لے رہی ہے، فضل الرحمان نے چند رینٹ کے بندے اور مدرسے کے بچے رکھے ہوئے ہیں، یہ ان لوگوں کو ٹرک میں بھر کر ملک کے کونے کونے میں ہرجگہ لے جاتے ہیں، ان کی کوئی عوامی طاقت نہیں، وہ بس پریشر گروپ بنا کر بلیک میل کرتے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ سابقہ حکومتیں بلیک میل ہوتی آئی ہیں، فضل الرحمان عمران خان کو بلیک میل نہیں کرسکتے، اپوزیشن شرپسند اور فسادی، جمہوری نظام لپیٹنے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، اب یہ تحریک عدم اعتماد لاکر پچھتا رہے ہیں، اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لاکر بند گلی میں پھنس چکی ہے، اپوزیشن تعاون کرے تو حکومت اسکو بند گلی سے نکال سکتی ہے۔ وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، اگلا الیکشن بھی انشااللہ ڈنکے کی چوٹ پر جیتیں گے۔ حسان خاور نے کہا کہ شہباز شریف بتائیں انکے 25 ہزار تنخواہ والے مقصود چپڑاسی کے اکانٹ میں 37 کروڑ سے زیادہ رقم کیسے آئی، شہباز شریف یہ بھی بتادیں کہ انکے 10 ہزار تنخواہ والے ایم اسلم کیشیئر کے اکاونٹ میں 17 کروڑ سے زیادہ رقم کس نے جمع کرائی، نواز شریف کی طرح شہباز شریف کی لوٹ مار کی بھی طویل داستان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف عدم اعتماد کا ڈرامہ رچا کر لوٹ مار کو ڈکارنا چاہتے ہیں، مگر ناکام ہونگے، ارکان پنجاب اسمبلی کا اعتماد عثمان بزدار ہیں، بزدار حکومت نے پنجاب کو ترقی و خوشحالی کا محور و مرکز بنا دیا ہے، اپوزیشن کو پنجاب کے محاذ پر بھی ناکامی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں