سکھر(عکس آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئراسیررہنماسیدخورشیداحمد شاہ نے کہاہے کہ مینارِ پاکستان پر پی ڈی ایم کا کامیاب جلسہ ہوا،محترمہ بے نظیر بھٹو کے جلسے کے بعد مینار پاکستان پر یہ بڑا جلسہ تھا،پی ڈی ایم نے نہ کوئی بل جلایا نہ اداروں پر حملے کے لیے لوگوں کو اکسایا ۔
پیرکواحتساب عدالت سکھرمیں آمدن سے زائداثاثہ جات کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشیدشاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کتوں اور جانوروں کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں، کتوں کو کھلانا غلط نہیں ہے لیکن وزیر اعظم کو حالات کو ٹھیک کرنے کے لیے وقت دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم سے دھوکا کیا ہے جو وعدے کیے کون سے پورے ہوئے، نوجوانوں کو نوکریاں دینے کے وعدے کہاں گئے؟۔انہوں نے کہا کہ اب بھی ایک موقع ہے، لیڈر لیڈر سے بات کرتا ہے، عمران خان خود فون اٹھائیں اور زرداری، بلاول، مریم اور مولانا صاحب سے بات کریں۔