حماس

فلسطینی قوم پر مظالم میں امریکا برابر کا شریک ہے، حماس

غزہ ( عکس آن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے عالمی فوج داری عدالت کی طرف سے فلسطینیوں کے اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات پرامریکا کی مخالفت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اورکہاہے کہ فلسطینی قوم پر مظالم میں نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکا بھی ملوث ہے۔ عالمی فوج داری عدالت کی طرف سے جنگی جرائم کی تحقیقات کی مخالفت قابض دشمن کے جنگی جرائم پر پردہ ڈالنے کی مجرمانہ کوشش ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی انتظامیہ کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کی مخالفت شرمناک موقف ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کا عالمی فوج داری عدالت کی تحقیقات کے بارے میں موقف اسرائیلی ریاست کے جرائم میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن فلسطینی قوم کے خلاف جرائم میں پیش پیش ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کا طرز عمل یہ ظاہر کرتا ہے کہ امریکا قانون سے بالا تر ہے۔ امریکا اور اسرائیل کے جرائم کا محاسبہ نہیں ہوسکتا۔ یہ مجرمانہ طرز عمل قابض دشمن کے جرائم کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے اور اس کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں اور بھی اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں