حماس

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، حماس

غزہ (عکس آن لائن)حماس کے رہنما غازی حمد نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 2 لاکھ مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ غزہ پر حملہ اسرائیل کے تاثر کو بہتر بنانے کی کوشش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جھڑپوں کے تمام مقامات پر اسرائیلی افواج کا سامنا ہوا اور دشمن فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی ریاست اور فوج جنگ کے آغاز کے بعد سے کوئی فوجی یا سیاسی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ، غزہ اسرائیلی زمینی حملے کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گا۔

غازی احمد نے کہا اسرائیل کی جانب سے غزہ میں صلاح الدین روڈ کو بلاک کرنے کی کوشش آج ناکام بنا دی گئی، جھڑپوں کے تمام مقامات پر اسرائیلی افواج سے مقابلہ ہوا اور انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اس جنگ میں فتح حاصل کرنے پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا فتح ہماری ہے اور ہمیں اللہ کی قدرت اور اپنے لوگوں کی استقامت پر بھروسہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں