اسلام آباد (عکس آن لائن) عالمی بنک نے کوروناوائرس کی وبا پرقابو پانے کے لیے پاکستان کے لیے 20 کروڑ ڈالرکی ہنگامی امداد کی منظور ی دیدی،ضروری طبی آلات کیلئے 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مزید بھی فراہم کئے جائیں گے۔
عالمی بینک کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے لیے 20 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری عالمی بنک کے ایگزیکٹو بورڈ نے دی ہے۔ عالمی بینک کی امداد پاکستان کو ہنگامی طور پر صحت کی ضروریات پورا کرنے اور کوروناوائرس سے سماجی اور اقتصادی اثرات کم کرنے کے لیے استعمال کی جا سکے گی تاکہ غربت کا شکار افراد کو سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
اعلامیہ کے مطابق اس رقم کی بدولت پاکستان کے لیے کورونا مریضوں کا پتا چلانے اور بیماری کو مانیٹر کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا جب کہ اسپتالوں کو وینٹی لیٹرز سمیت طبی آلات اور عملے کے لیے حفاظتی سامان کی فراہمی میں بھی آسانی ہوگی۔
عالمی بینک نے ضروری طبی آلات کیلئے پاکستان کو آٹھ منصوبوں کے لئے 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مزید فراہم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے عالمی بینک ترقی پذیر ممالک کی مدد کیلئے 14 ارب ڈالر کے ہنگامی ریلیف فنڈ پر کام کر رہا ہے۔