رانا ثنااللہ

رانا ثنااللہ کیخلاف جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن میں منتقل کرنے کی منظوری، نیب لاہور

لاہور(عکس آن لائن) قومی احتساب بیور و ( نیب ) لاہور میں ڈی جی نیب کی زیر صدارت ریجنل بورڈ میٹنگ کا انعقا ہوا جس میں میگا کرپشن کے مقدمات میں اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔

ریجنل بورڈ نے رانا ثنااللہ کیخلاف جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن میں منتقل کرنے کی منظوری دیدی ۔

فیصلہ کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کی رانا ثنااللہ کیخلاف مبینہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس پر جامع بریفنگ کے بعد کیا گیا ۔ٹیم نے اب تک رانا ثنااللہ کیخلاف جاری انکوائری کے دوران 40 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثہ جات کی موجودگی کے شواہد اکھٹے کئے ہیں۔

بورڈ میٹنگ کے دوران رانا ثنااللہ کے اثاثہ جات کی وصولی کی تفصیلات اور ان کے بیانات پر جامع بریفنگ دی گئی ۔

انویسٹی گیشن کے دوران رانا ثنااللہ اور اہل خانہ کے نام مزید پراپرٹیوں اور اثاثہ جات کی موجودگی کے حوالے سے انکشافات سامنے آئے ہیں ۔

پیشی کے دوران رانا ثنااللہ کروڑوں مالیت پر مشتمل اثاثہ جات کے زرائع بتانے سے قاصر رہے تھے ،انہی اثاثہ جات پر وہ تاحال کروڑوں کی آمدن بھی حاصل کر چکے لیکن زرائع نہ بتا سکے ۔

رانا ثنااللہ کے اثاثہ جات میں لاہور اور فیصل آباد میں متعدد پلاٹ، مکان، فارم ہائوس، دکانیں شامل ہیں ۔رانا ثنااللہ نے کمپنی کے قیام کے علاوہ ہائوسنگ سوسائٹی میں انویسٹمنٹ بھی کر رکھی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں