لندن (عکس آن لائن) برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ حکومت کو پہلے کچھ ہفتوں اور مہینوں
میں کورونا وائرس کی سمجھ نہیں آئی تھی۔ ایک انٹرویومیں انھوں نے تسلیم کیا کہ حکومت کچھ مختلف طریقے
سے بھی وائرس سے نمٹ سکتی تھی۔برطانوی وزیرِ اعظم نے بتایا کہ اس سے کچھ سبق سیکھنے چاہئیں کہ
ابتدائی مراحل میں وائرس سے کیسے نمٹا گیا۔ انہوںنے کہاکہ ہم پہلے کچھ ہفتوں اور مہینوں میں (وائرس) کو
اس طرح نہیں سمجھے جس طرح ہمیں سمجھنا چاہیے تھا۔انہوںنے کہاکہ ایک چیز جو ہم نے شروع میں نہیں
دیکھی وہ یہ تھی کہ کس طرح وائرس ایک فرد سے دوسرے فرد میں بغیر کسی علامات کے منتقل ہو رہا ہے۔
انہوںنے کہاکہ یہ کہنا مناسب ہو گا کہ ہمیں یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ اس سے ابتدائی مراحل میں کیسے
نمٹنا ہے۔برطانوی وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسے کھلے سوال بھی ہیں کہ کیا لاک ڈاؤن کافی دیر سے لگایا گیا،
یہ وزرا کے اس اصرار سے بہت مختلف ہے جس میں وہ کہا کرتے تھے کہ صحیح وقت پر صحیح فیصلے
کیے گئے تھے جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا لاک ڈاؤن لگانے میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے بالآخر جانیں
ضائع ہوئیں تو انھوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ ایسی چیزیں ہوں جو ہم مختلف کر سکتے تھے اور یقینا
ان کو سمجھنے کے لیے وقت آئے گا کہ ہمیں اصل میں کیا کرنا چاہیئے تھا یا مختلف کیا کر سکتے تھے۔