لندن(عکس آن لائن)برطانیہ کے وزیرا عظم بورس جانسن نے آئرلینڈ سرحد کو کھولے رکھنے سے متعلق اپنا ہی بریگزٹ منصوبہ پیش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ متبادل راستہ صرف یہ ہی ہے کہ معاہدے کے بغیر یورپی یونین سے 31 اکتوبر تک علیحدہ ہوجائیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بورس جانسن نے یورپی کمیشن کے صدر جِین کلاژ جنکر کو مراسلہ میں کہا کہ لندن کی جانب سے پیش کردہ تجویز معقول سمجھوتہ تھا۔ برطانیہ کے وزیر اعظم نے مراسلے میں واضح کیا کہ یورپی یونین کا منصوبہ ایسا پل تھا جس کی کوئی منزل نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایک نیا راستہ تلاش کرلیا گیا۔بعدازاں جِین کلاژ جنکر نے بذریعہ فون بورس جانسن کو خبردار کیا کہ برطانیہ کی نئی تجویز میں چند پریشان کن نکات ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے باوجود یورپی یونین معروضیت کے ساتھ قانونی تجویز کا جائزہ لے گی۔آئرلینڈ کے وزیر اعظم لیو ورڈاکر نے ایک ہی رات میں نمودار ہونے والی تجویز پر سمجھوتے سے انکار کردیا۔
رپورٹ کے مطابق بورس جانسن بریگزٹ کے بعد یورپی کسٹم قوانین کو اسی طرح برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاکہ برطانوی شمالی آئرلینڈ اور یورپی یونین کے رکن آئرلینڈ کے درمیان مصنوعات کی روانی اسی طرح جاری رہے۔