عظمیٰ خان

9 مئی مقدمات: بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور (عکس آن لائن )لاہور انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کیخلاف 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی، جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی۔

عدالت نے مسلم لیگ ن ہاؤس حملہ سمیت نو مئی کے دیگر مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 16 مارچ تک توسیع کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کیخلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن اور نصیر آباد میں مقدمات درج ہیں۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے سابق رہنما تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ کی کمرہ عدالت میں ملاقات ہوئی جہاں بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنیں مسرت جمشید چیمہ پر برس پڑیں۔

ملاقات کےدوران مسرت جمشید چیمہ نے اپنے اوپر درج مقدمات اور روپوش ہونے کے دوران تکالیف سے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو آگاہ کیا، عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے مسرت جمشید چیمہ کو ڈانٹ پلا دی۔

علیمہ خان نے کہا کہ جب میرے بھائی کو ضرورت تھی تو آپ لوگ چھپے ہوئے تھے، جب پارٹی پر مشکل وقت تھا تو آپ نے پریس کانفرنس کی، جب بانی پی ٹی آئی کو ضرورت تھی تب آپ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ بانی پی ٹی آئی کی سب سے قریب ترین تصور کی جاتیں تھیں، آج آپ مجھے مجبوریاں سنا رہی ہیں، سیاستدان تو جیل کے بغیر نامکمل تصور کیے جاتے ہیں۔

بعدازاں سابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی باتیں سن کر خاموش ہو گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں