اسد عمر

9 اپریل کو بند کمروں کی سیاست کامیاب ہوئی، اسد عمر

کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ 9 اپریل کو بند کمروں کی سیاست کامیاب ہوئی اور قوم مٹھائیاں بانٹنے کے بجائے سڑکوں پر نکل آئی۔انصاف ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ ایک منتخب حکومت کو 1 سال پہلے گھر بھیجا گیا جس کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے، کراچی والے ملینیم مال پر خود جمع ہوئے، قومی ترانہ پڑھا اور پاکستان کے نعرے لگائے۔

انہوں نے کہا کہ آج تک قومی جذبہ یہ حکومت نہیں سنبھال سکی، پاکستان کے تاریخی جلسے ماہ رمضان میں عمران خان نے کیے، وہ شخص جو پارلیمان میں نہیں تھا عوام اس کیلئے نکلے، اس وقت پاکستان میں ایک شدید معاشی بحران ہے۔اسد عمر نے کہا کہ لاکھوں کاروبار بند ہو چکے، پہلے سیاسی پھر معاشی بحران آیا، یہ خوفزدہ ہوگئے ہیں، انہیں احساس ہوگیا ہے کہ ان کا تجربہ ناکام ہوگیا ہے، پنجاب کے لوٹوں کے خلاف 75 فیصد پی ٹی آئی کامیاب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جبر اور طاقت کا استعمال کیا، عمران خان ان کا ہدف تھے، کوئی سیاسی رہنما مقدموں سے نہیں بچا، 3 ہزار سے زیادہ سیاسی ورکرز گرفتار ہوئے، پاکستان کے ہر کونے سے تحریک انصاف کے ورکرز کو گرفتار کیا گیا، کسی کی عمر کا خیال نہیں کیا گیا، اعظم سواتی، ارسلان تاج، محمد سلمان، فواد چودھری اور کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں