ہمایوں اختر خان

8فروری کا سورج علاقے کی محرومیوں ،بد حالی کے خاتمے کی نوید لے کر طلوع ہوگا ‘ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ/ماموں کانجن(عکس آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ 8 فروری کا سورج اس علاقے کی محرومیوں اور بد حالی کے خاتمے کی نوید لے کر طلوع ہوگا،عوام کی آنکھوں میں حقیقی تبدیلی کے لئے بیتابی دیکھی ہے ،

عوام 8فروری کو کسی طرح کی دھونس اور دھمکی سے مرعوب ہوئے بغیر دو خاندانوں کے برج گرا دیں گے اور قبضہ ، ٹھیکیداری اور کمیشن مافیا کابوریا بستر ہمیشہ کیلئے گول ہو جائے گا،عوام سے اپیل ہے 8فروری کو عقاب پر مہر لگا کر پورے پینل کو کامیاب کرائیں تاکہ آپ کی آواز موثر طریقے سے ایوانوں میںپہنچے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے آخری روز مختلف مقامات پرکارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے چک نمبر540گ ب میں فٹ بال ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کی ۔

اس موقع پر ہمایوں اختر خان اور ان کے ساتھیوں کا گل پاشی کرکے اور ہار پہنا کر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ نوجوانوں کو گرائونڈ میں دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ، وعدہ ہے یہاں کے نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کریں گے ، سپورٹس کمپلیکس بنوا کر دیں گے جہاں پر انہیں بہترین تربیت دی جائے گی اوریہی کھلاڑی قومی اور عالمی سطح پر علاقے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دو خاندانوں نے 76سالوں سے باریاں لگائی ہوئی تھیں، یہ لوگ انتخابی مہم کے دوران اپنی کوئی کارکردگی نہیں بتا سکے اور ان کی ساری مہم صرف منفی پراپیگنڈا کرنے تک محدود تھی ، ان لوگوں کے مایوس چہرے بتا رہے ہیں کہ 8فروری کو عوام ان کی ذاتی مفادات اور لوٹ کھسوٹ کی سیاست کو اپنے ووٹ کی طاقت سے راوی برد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حلقے کے تمام علاقوں کی عوام تک پہنچ کر انہیں اپنے منشور سے آگاہ کیا ہے ،علاقے اور عوام کی تقدیر بدلنے کے وعدے کئے ہیں ۔یہاں کا کسان خوراک کی ضروریات پوری کرتا ہے لیکن انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہا ہے ۔

ہم اپنے وعدے کے مطابق زراعت میں جدید لائیں گے جس سے کسان کی پیداوار بڑھے گی ، وئیر ہائوسز اور فیئر پرائس شاپس کے قیام کیلئے بلا تاخیر اقدامات کریں گے ، کسانوں کے ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کر ا کے ان کی بجلی کے بھاری بلوں سے جان چھڑائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ نوجوان بھی ہماری ترجیح ہیں ، ہم نے ان کا ہاتھ تھامنا ہے اور انہیں مایوسیوں کے اندھیروں سے باہر نکالیں گے، ان کیلئے آئی ٹی کے ادارے کھولیں گے ، ان شا اللہ ہم پیشرفت کریں گے تو نجی کمپنیاں بھی یہاں آئیں گی ، ہم نے نوجوانوں کو کاروبار کے لئے آسان شرائط پر بلا سود قرضے دلوانے ہیں ۔

انڈسٹریل زون کا منصوبہ میرا بڑا خواب ہے ، آپ لوگوں نے ہمارا ساتھ دینا ہے ان شا اللہ اس خواب کو عملی تعبیر دیںگے، اس سے صرف یہ علاقہ ہی نہیں بلکہ دوسرے اضلاع کیلئے بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے ، انڈسٹری لگنے سے یہ علاقہ معیشت کا حب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماموں کانجن کو تحصیل کا درجہ دلوانے کا بھی وعدہ ہے جس سے لوگوں کے بہت سے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے ۔

معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شخص کابنیادی حق ہے ، کوشش ہو گی کہ یہاں کی عوام کو یونین کونسل کی سطح پر ڈسپنسری کے ذریعے صحت کی سہولیات ملیں ، جو بڑے ہسپتال ہیں ان میں جدید سہولیات مہیا کرائیں گے، آبادی کے تناسب سے ایک اوربڑے ہسپتال کی بھی ضرورت ہے اس کے لئے بھی اپنی بھرپور کاوشیں کریں گے۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کا نظام بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،

فلٹریشن پلانٹس لگوائیں گے ، رابطہ اور بڑی سڑکوں کی تعمیر کیلئے بھی منصوبہ ہے جس سے معاشی سر گرمیوں کوفروغ ملے گا۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ 8فروری کا دن عوام کیلئے اپنی تقدید بدلنے ،غلامی اور غربت کی زنجیروں کو توڑنے کا سنہری موقع ہے اور مجھے قوی امید ہے کہ حلقے کا ایک بھی ووٹر اس موقع کو ضائع نہیں کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں