گورنر پنجاب

22 کروڑ پاکستانی فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، گورنر پنجاب

لاہور (عکس آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ 22 کروڑ پاکستانی فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گورنر پنجاب نے اسرائیلی فوجیوں کی غزہ میں فلسطینی نوجوان کو مارنے کی ویڈیو شیئرکرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوجی فلسطین میں بدترین دہشت گردی کررہے ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ فلسطینیوں پر مظالم پرخاموش رہنے والے بھی انسانیت کے مجرم ہیں، اپنی آزادی کے لیے فلسطینی عوام جس جرات کے ساتھ جنگ لڑ رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، امت مسلمہ کو فلسطینی عوام کو اسرائیلی دہشت گردی سے بچانے کے لیے متحد ہونا ہوگا، بدقسمتی سے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

چوہدری محمد سرور نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا کو خاموشی ختم کر کے اسرائیلی مظالم کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں