مرتضی وہاب

22کروڑ عوام میں سے 22لاکھ لوگوں کو بھی ویکسین نہیں ملی، ابھی تک چندے کی ویکسین پر عوام کو لگایا ہوا ہے،مرتضی وہاب

کراچی(عکس آن لائن)ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاہے کہ 22کروڑ عوام میں سے 22لاکھ لوگوں کو بھی ویکسین نہیں ملی، ابھی تک چندے کی ویکسین پر عوام کو لگایا ہوا ہے، کورونا وائرس سازش نہیں حقیقت ہے، جب وزیراعظم، وفاقی وزرا ماسک نہیں پہن رہے تو عام آدمی کیا کرے گا،کسی دن شبلی فراز اسلام آباد کورونا وائرس کیسز کا ذمہ دار بھی مراد علی شاہ کو قرار دے دیں گے، انسداد پولیو مہم 4 اپریل تک جاری رہے گی، گزشتہ سال جولائی سے اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

وہ پیرکو دہلی کالونی میں واقع جمعیت ہسپتال میں پولیو مہم کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے گفتگوکررہے تھے ۔ مرتضی وہاب نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان 13 ماہ بعد کورونا سے محفوظ رہنے کا کہہ رہے ہیں، جب سندھ حکومت ایس او پیز پر عمل کا کہتی تھی تو کپتان مذاق اڑاتے تھے، کپتان کہتے تھے سندھ حکومت معیشت روزگار کے خلاف سازش کر رہی ہے، اب خان صاحب خود اس تکلیف سے گزرے تو لوگوں کو تلقین کر رہے ہیں۔تیرہ ماہ بعد حقیقت کا اعتراف کرنے پر یہی کہہ سکتے ہیں دیر آید خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہاکہ ویکسین لانے کی ذمہ داری وفاق کی ہے، کم سے کم دس فیصد ویکسین تو درآمد کر لیں، وفاقی حکومت ہمیں اجازت دے ہم ویکسین خود خرید لیں گے، سب سے بڑا تناسب سندھ میں ویکسین لگانے والوں کا ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر شبلی فراز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی دن شبلی فراز اسلام آباد کورونا وائرس کیسز کا ذمہ دار بھی مراد علی شاہ کو قرار دے دیں گے۔

کورونا مثبت والے گھر سے باہر نکل کر اپنے دوست اور گھر والوں کا نقصان کر رہے ہیں، لوگ ویکسین ضرور لگوائیں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ مرتضی وہاب نے کراچی میں پولیو مہم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی انسداد پولیو مہم کا آغاز دہلی کالونی میں کیا گیا ہے، انسداد پولیو مہم 4 اپریل تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے 94 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچا ئوکی خوراک پلائی جائیں گی۔انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے لازمی پلوائیں۔ترجمان سندھ حکومت نے بتایاکہ پولیو کا آخری کیس جولائی 2020 میں جیکب آباد میں سامنے آیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں