اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ2020ء کی پہلی انسداد پولیو مہم کا پیر سے آغاز ہوگیا ہے جس میں 39 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم میں 2 لاکھ 65 ہزار پولیو ورکرز اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔
پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کے لئے حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیو کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، پانچ سال تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، اس سے پہلے ہونے والی پولیو مہمات کی کارکردگی کی بنیاد پر اس بار تمام صوبائی اور ضلعی ٹیموں کے ساتھ بہتر نتائج کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کی اشد ضرورت ہے۔