یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، پنجاب کے 29 اداروں میں 56 نئے پروگرامز شروع کرنے کی منظوری

لاہور(عکس آن لائن)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی سنڈیکیٹ کا 58واں اجلاس پیر کے روزوائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم کی سربراہی میں ہوا۔اجلاس میں پنجاب بھر کے 29اداروں میں 56نئے پروگرامز کے آغاز کی منظوری دی گئی۔یہ منظوری ان ا داروں کی انسپکشن رپورٹس کی بنیاد پر دی گئی ۔ جن نئے پروگرامز کی منظوری دی گئی ان میں ایم ڈی کے 9، ایم ایس کے 8 ، ایم فل، ایم ایس سی اور ایم ڈی ایس کا ایک ایک پروگرام شامل ہیں۔

30نئے انڈر گریجویٹ بی ایس سی پروگرامز کے آغاز کی منظوری بھی سنڈیکیٹ کے اجلاس میں دی گئی۔ایم ڈی پروگرامز میں سائیکاٹیری، ریڈیالوجی، گسٹروانٹرالوجی، نیفرالوجی، کارڈیالوجی کے پروگرام شامل ہیں، جبکہ ایم ڈی میڈیسن، ایم ڈی پیڈیٹرکس ، ایم ڈی ایس اورل اینڈ میکسیلوفیشل سرجری کے پروگرام شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ایم ایس میں کارڈیک سرجری، اوپتھلمولوجی، نیوروسرجری، یورولوجی، پیڈیٹرکس سرجری کے پروگرامز کے آغاز کی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ نے نئے اداروں کے الحاق کیلئے مستقبل میں آن لائن درخواستیں وصول کرنے کی ہدایت دی۔

اداروں کے یونیورسٹی سے الحاق کے معاملات کو دیکھنے کیلئے ایک نیا ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔ایم ڈی، ایم ایس ریفارمز کمیٹی کے سفارش پر انٹرمیڈیٹ امتحانات 24ماہ کی بجائے 18ماہ کی ٹریننگ کے بعد کرانے جبکہ سنٹرل انڈیکشن کے تحت ایم ایس ، ایم ڈی اور ایم ڈی ایس کے انٹر میڈیٹ اور ابریجڈ امتحانات میں نیگیٹیو مارکنگ ختم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔سفارشات کے مطابق ایم ڈی ، ایم ایس ، ایم ڈی ایس کے کلینکل اور اورل میں فیل ہونے والے امیدوار کو امتحان پاس کرنے کیلئے 3چانسز ملیں گے۔

تاہم اگر امیدوار ان تین چانسز میں امتحان پاس نہ کرسکا تو اسے پورا امتحان بشمول تحریری امتحان دوبارہ دینا پڑیگا۔ اجلاس میں فارماکولوجی کے شعبے میں ڈاکٹر رابعہ منیر کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی بھی منظوری دی گئی۔سنڈیکیٹ کے اجلاس میں پروفیسر خواجہ صادق حسین، پروفیسر حمیرا اکرم ، پروفیسر وحید الحمید، پروفیسر طلعت نصیر پاشا، پروفیسر نادیہ نسیم ، پروفیسر ناصر شاہ ، ڈاکٹر اسد ظہیر اور محکمہ صحت اور خزانہ پنجاب کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں