شرجیل میمن

ہوائوں کا رخ تبدیل ہوتا نظر آ رہا ،عوام نفرت کی سیاست کو ختم ،عوام نئی سوچ کی طرف جانا چاہتے ہیں’شرجیل میمن

لاہور (عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ،ڈیجیٹل ہیڈ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہوائوں کا رخ تبدیل ہوتا نظر آ رہا ہے ،عوام دیکھ رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی سب کو جوڑنے کی بات کر رہی ہے، پنجاب میں (ن) لیگ پر برا وقت ہے،وہ کمروں اور مارکیٹوں میں جلسے اور کارنر میٹنگز کر رہے ہیں،(ن) لیگ کے پروگرامز میں نوٹ پھینکے جا رہے ہیں ایسے کام وہ کرتے رہتے ہیں،الیکشن کمشن اس کا نوٹس لے۔

وہ پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل، ذوالفقار علی بدر،عثمان ملک اور فائزہ ملک کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔شرجیل میمن نے کہا کہ ملک کے حالات آئیڈیل نہیں ،ملکر چلیں مینڈیٹ عوام نے دینا ہے،ایسی سیاست مت کریں جس سے نفرت اور انتشار پھیلے،جلسے کے بعد (ن) لیگ کی قیادت زہر اگل رہی ہے۔

کبھی احسن اقبال کبھی کوئی اور دھمکیاں لگا رہے ہیں، غیر جمہوری سوچ نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے حلقہ این اے 127کے کامیاب جلسے پر زندہ دلان لاہور،مقانی تنظیم اور علی بدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جلسہ ملک کی سیاسی تاریخ کو بدلنے میں اہم کردار ادا ر کرے گا ،عوام نئی سوچ کی طرف جانا چاہتے ہیں، لوگ نفرت کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔سیاسی مخالفت اور نظریاتی اختلاف دشمنی کی بنیاد نہیں بننا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ایشوز پر بات ہونی چاہیے،پیپلز پارٹی کا مقابلہ غربت بیروز گاری اور مہنگائی سے ہے،مشکل سے مشکل حالات میں پیپلز پارٹی اور اسکی قیادت نے ملکی اداروں پر حملہ نہیں کیا۔(ن) لیگ پر مشکل وقت آیا تو اس نے سیاسی مخالفین اور اداروں پر حملے کیے۔ پی ٹی آئی نے ملکی اداروں کے خلاف گھٹیا سے گھٹیا حرکت کی ہے۔ پیپلز پارٹی نے تاریخی ظلم سہنے اور جانی قربانیوں کے باوجود ہمیشہ مفاہمت اور جمہوریت کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کابد ترین دور عمران خان کا اقتدار تھا، تب(ن) لیگ نہیں بولتی تھی، جیسے ہی پی ڈی ایم مضبوط ہوئی تو انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو نکال دو۔(ن) لیگ کی معاشی پالیسیوں پر پوری دنیا نے تنقید کی،مفتاح اسماعیل اور دانیال عزیز کے بیانات سب کے سامنے ہیں۔جب تک (ن) لیگ اقتدار میں تھی انہیں پیپلز پارٹی اچھی لگتی تھی۔

(ن) لیگ کی لیڈر شپ جذبات میں مت آئے، ہم دھمکیوں سے نہیں گھبراتے،ہم لڑائی جھگڑا نہیں بلکہ شائستگی چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ شہباز شریف کے ہاتھ میں کچھ نہیں، اس بیچارے کی نہیں چلتی،پنجاب بھر میں کسی کو بخار چڑھتا ہے تو کون باہر جاتا ہے۔ ہیلتھ سیکٹر میں جو کام پیپلز پارٹی نے کیا کسی اور جماعت نے نہیں کیا۔پنجاب کے سرکاری شعبے میں سندھ جیسا کوئی ایک ہسپتال دکھا دیں۔

نواز ،شہباز وزیر اعظم رہے بتائیں انہوں نے صحت سیکٹر میں کیا کام کیا۔کے فور منصوبہ پیپلز پارٹی نے شروع کیا جس میں آدھے پیسے صوبائی اور آدھے وفاقی حکومت نے دینے تھے،وفاق نے پیسے نہیں دئیے۔سندھ میں بد نیتی سے منصوبے کیوں بند کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کبھی ختم نہیں ہوئی،ایٹمی پروگرام اور سی پیک پیپلز پارٹی نے شروع کیا،مارشل لاء کے خلاف سب سے زیادہ جدوجہد پیپلز پارٹی نے کی۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر اور اس سے ملتے جلتے لفظ میں بڑا فرق ہوتا ہے،لیڈر شپ سارے حلقوں میں نہیں جا سکتی ،اتنا وقت نہیں اس کے باوجود بلاول بھٹو ملک بھر میں جا رہے ہیں۔شرجیل میمن نے واضح کیا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی سیٹیں کم نہیں بلکہ بڑھ رہی ہیں،سندھ واحد صوبہ ہے جہاں کنٹینرز میں ہسپتال بنے ہوئے ہیں۔لیور اور لنگز ٹرانس پلانٹ خیر پور میں مفت ہو رہے ہیں،سندھ میں سیلاب زدگان کے لئے 21لاکھ گھر بن رہے ہیں،پوری دنیا میں یہ ریکارڈ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی دور میں کوئی سیاستدان اور صحافی جیل میں نہیں رہا۔پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا کہ لاہو کے جلسے نے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں فیصلہ دیا،عوام کے بھرپور شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ چوہدری سرور ،طاہر القادری سمیت دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔این اے 127کے عوام سے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ۔اس حلقے سے مزید رہنما بلاول کی حمایت میں آ رہے ہیں۔

انچارج انتخابی مہم ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ این اے127میں جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان بقا کی جنگ ہے۔ بلاول بھٹو کے جلسے میں اکثریت مقامی تھی،پورے لاہور سے لوگ آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف بلاول بھٹو تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر چل سکتے ہیں۔

مزید دو پارٹیوں کے امیدوار بلاول بھٹو کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین کا تاریخی خطاب میں پارٹی کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔(ق) لیگ،عوامی تحریک اور شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے ورکرز کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں