شبلی فراز

ہندوتوا اور آر ایس ایس کے نظریے کو مقبوضہ کشمیر میں زبردستی لاگو نہیں کیا جاسکتا،شبلی فراز

اسلام آباد(عکس آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ ہندوتوا اور آر ایس ایس کے نظریے کو مقبوضہ کشمیر میں زبردستی لاگو نہیں کیا جاسکتا، بھارت تمام تر ریاستی جبرو استبداد سے تحریک آزادی کو ختم نہیں کرسکتا۔ پلوامہ جیسے ڈرامے رچا کر عالمی برادری کو بہکایا نہیں جاسکتا۔

پاکستان کی موثر سفارت کاری سے بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے۔ریڈیو پاکستان میں کشمیر سے متعلق مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیوپاکستان آنا ہمیشہ میرے لئے بڑی مسرت کا باعث ہوتا ہے کیونکہ میرے والد نے اپنے کیریئر کا آغاز اس ادارے سے شروع کیا تھا اس لئے یہاں آنامیرے لئے اعزاز کی بات ہوتی ہے ،کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریڈیو پاکستان میں مشاعرہ منعقد کیا جارہا ہے۔

ریڈیو پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں روزاول سے عظیم مقصد کیلئے کھڑا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر اور نہ ختم ہونے والے ظلم کیخلاف ہوا کے دوش پر ریڈیو پاکستان جس طرح اپنے کشمیریوں بہن بھائیوں کی ہمت و استقلال عزم بہادری اور حوصلہ فراہم کررہا ہے اس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی آج جب بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا ہے ہرقسم کے میڈیا کی رسائی کو وہاں منقطع کردیا گیا ہے ریڈیو پاکستان کشمیریوں کی آواز کی ترجمانی کرتے ہوئے عالمی برادری کے ضمیر کوجھنجھور رہا ہے۔

مودی کی طرف سے آر ایس ایس اور ہندوتوا کے نظریے کو مقبوضہ کشمیر میں زبردستی لاگو نہیں کیاجاسکتا۔ آرٹیکل370 اور 35 اے کی غیر قانونی تنسیخ سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک کو بھارتی ریاستی جبر سے ختم نہیں کرسکتا۔ کشمیری نوجوان برہان وانی کو شہیدکرکے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔ حریت لیڈروں کو جیلوں میں قیدو بند کی صعوبتیں دے کرکشمیریوں کو نہیں ڈرایا جاسکتا۔

پلوامہ جیسے ڈرامے رچاکر عالمی برادری کو نہیں بہکایا جاسکتا۔ موجودہ حکومت کی طرف سے سفارتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت بھارت کشمیر کے مسئلے پر تنہارہ گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے نریندرمودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کردیا ہے۔ آج پوری دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ریڈیو پاکستان نے 26 جولائی سے 5 اگست تک خصوصی پروگرام تشکیل دئیے ہیں۔ خصوصی نشریات میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ سال 5 اگست کو بھارت نے غیر قانونی اقدامات اٹھائے اور آرٹیکل 370 اور 35اے کو جومنسوخ کیا اس حوالے سے موضوعات کو زیر بحث لایا جائے گا ۔

شبلی فراز نے مزید کہاکہ ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کو مشاعرہ کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ریڈیو پاکستان کو جدید تقاضوں کے مطابق خطے میں موجود درپیش چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ماضی کی طرح پھر سے اسے ایک مضبوط اور عظیم ادارہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہر وہ لفظ جو مقبوضہ کشمیر میں ظلم سہتے سہتے کشمیریوں کی ترجمانی کرے وہ مقدس ہے اور وہ فکر امر ہے جو کشمیریوں کی آواز ہے ریڈیو پاکستان اپنی مضبوط روایات کا امین ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ریاست کے ساتھ شروع دن سے کھڑا ہوا ہے۔ سنسنی خیزی سے پاک مستند خبریں اور تاریخی پروگرامز ریڈیو پاکستان کو عوام کا قابل اعتماد ادارہ سمجھا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں