ڈاکٹر ظفر مرزا

ہم نے متعدد قرنطینہ کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالہ سے اقدامات کئے ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ہم نے متعدد قرنطینہ کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالہ سے اقدامات کئے ہیں، قرنطینہ سنٹرز میں سہولیات ان لوگوں کو فراہم کی جا رہی ہیں جو بیرون ممالک سے آئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میں قائم قرنطینہ سنٹر کے دورہ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کا ایئرپورٹ پر ہی ٹیسٹ کرتے ہیں، ان کے سیمپل لے کر ٹیسٹنگ کیلئے بھیج دیتے ہیں اور ان مسافروں کو قرنطینہ سنٹرز میں لے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پوری شفٹ میں عملہ کام کر رہا ہے، قرنطینہ میں تمام بنیادی سہولتوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے، قرنطینہ سنٹر میں علیحدہ علیحدہ کمرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے ہدایات جاری کی ہوئی ہیں اور ان ہدایات پر عملدرآمد کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک جو پروازیں آئی ہیں ان میں کوئی بھی کورونا وائرس سے متاثر مسافر نہیں آیا، یہ ہمارے لئے بہت خوش آئند ہے، اس اعتماد میں بھی بحالی آئی ہے کہ ہمارا سسٹم ٹھیک چل رہا ہے، ٹیسٹنگ سسٹم بہتر طریقہ سے چل رہا ہے، ٹیسٹنگ کی سہولیات میں بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں