عبدالرزاق دائود

ہمیں عالمی منڈیوں میں گرفت مضبوط کرنے کیلئے اپنی مصنوعات کے معیار کو مزید بہتر کرنا ہوگا ‘ عبدالرزاق دائود

اسلام آباد/لاہور(عکس آن لائن)وزیر اعظم کے مشیربرائے تجارت عبدالرزاق دائود سے پاکستان کارپٹ مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے وفدنے ملاقات کرکے مینو فیکچررز اوربرآمدکنندگا ن کو درپیش مسائل اور اپنے مطالبات کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ گروپ لیڈرعبد اللطیف ملک ،ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد اورعثمان اشرف نے مشیر تجارت کو آگاہ کیاکہ ہاتھ سے بنے قالینوں کا خام مال خصوصی طو رپر افغان مہاجرین تیار کرتے ہیں جسے بعد ازاں پاکستان درآمدکیا جاتا ہے ، یہاں پر موجود پاکستانی ہنرمند اس کے باقی مراحل سر انجام دے کر اس کی مکمل تیاری کرتے ہیں جسے بعدازاںدنیا کے مختلف ممالک میں برآمدکرکے ملک کے لئے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جاتا ہے ۔انہوں نے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود سے مطالبہ کیا کہ طورخم بارڈرکے راستے افغانستان سے خام مال کی درآمدپر عائد تمام ڈیوٹیز اور ٹیکسز کو مکمل ختم کیا جائے تاکہ مشکلات کاشکاراس صنعت کو ریلیف مل سکے ۔

مشیر تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالین پوری دنیا میں منفردپہچان رکھتے ہیں ،ہمیں عالمی منڈیوں میں گرفت مضبوط کرنے کیلئے اپنی مصنوعات کے معیار کو مزید بہتر کرنا ہوگا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کورونا وباء کے باوجود ہماری برآمدات میں اضافے کا رجحان ہے ۔ انہوںنے ایسوسی ایشن کے وفد کویقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے عملی پیشرفت کی جائے گی اورآئندہ مالی سال کے بجٹ میںمطالبات کوہر ممکن پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں