خواجہ سعد رفیق

ہر وزیراعظم پر چور ،ڈاکو یا غدار کا نعرہ لگا ،جب حکومت جاتی ہے اسکے ساتھ ساری گرد بھی رخصت ہو جاتی ہے’ سعد رفیق

لاہور( عکس آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہر وزیراعظم پر چور ،ڈاکو یا غدار کا نعرہ لگا لیکن جب حکومت جاتی ہے اس کے ساتھ ساری گرد بھی رخصت ہو جاتی ہے، اپوزیشن کے پاس محدود آپشنز نہیں، پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی کون ساپتا کب شو کرنا ہے،پی ٹی آئی کو اپنے بلیک ہول نظر نہیں آتے جس دن جادو کا محل گرے گا سب ٹھیک ہو جائے گا،سرکاری ملازمین پی ٹی آئی کی طرح کہیں قبضہ نہیں کرنے جا رہے تھے، حکومت کے منہ کو خون لگ گیا ہے، جس طرح اپوزیشن کو ٹارچر کیا جا رہا ہے انہیں لگتا ہے سرکاری ملازمین کے ساتھ بھی ایسا ہی کریں گے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ساری قیادت یا عدالتوں میں ہے یا تفتیش بھگت رہی ہے ،شہباز شریف نے جو کام انجام دیا وہ کوئی نہیں کر سکا،احد چیمہ نے کوئی کرپشن نہیں کی، صاف آدمی ہے مگر جیل میںہے ،پوری قوم دیکھ رہی شہباز شریف دوبارہ جیل میں ہیں، ریلوے کو بہتر کرنے کی کوشش میں 16 ماہ جیل کاٹ آیا، سلمان رفیق نے ہیلتھ سیکٹر کو بہتر کرنے کی کوشش میں 16 ماہ جیل کاٹی۔انہوں نے کہا کہ شہاز شریف سے جو بات ہوئی وہ اہم ہے معنی خیز ہے لیکن وہ آپ سے نہیں کرنی.۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں،

سرکاری ملازمین پی ٹی آئی کی طرح کہیں قبضہ نہیں کرنے جا رہے تھے، ملازمین پر اتنی شدید شیلنگ کی گئی کہ ایسا لگا جیسے بادل نیچے آگئے ہیں، حکومت کے منہ کو خون لگ گیا ہے،حکومت کو سرکاری ملازمین سے مذاکرات کرنا چاہیے تھے ،یہ غیردانشمندانہ اقدام تھا، حکمران فرعونیت کے راستے پر چل پڑے تو ملک نہیں چلا کرتے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا دعوی پارسائی ہے

لیکن کوئی کام ایسا نہیں ہے جو اس پارٹی نے خراب نہ کیا ہو، ہر طرح کا مافیا پی ٹی آئی میں موجود ہے ،بہتان تراشی کا نقصان پوری قوم کو ہوتا ہے ،کسی کی کوئی کریڈیبیلٹی نہیں چھوڑی گئی ، ہر سیاستدان پر الزام لگا، ہر دور میں احتساب کا نعرہ لگا یہ سب فراڈ ہے، جب کوئی حکومت جاتی ہے تو اس کے ساتھ سب کچھ چلا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس بہت آپشنز ہیں، ایک کے بعد بعد دوسرا قدم اٹھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں