افضل کھوکھر

ہائیکورٹ کی افضل کھوکھر کیخلاف تاحکم ثانی کسی بھی طرح کی کارروائی سے روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع

لاہور( عکس آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما افضل کھوکھر کی اینٹی کرپشن کے نوٹس ،ہراساں کرنے اور ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار کے خلاف تاحکم ثانی کسی بھی طرح کی کارروائی سے روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع کر دی،عدالت نے درخواست گزار کو شامل تفتیش ہونے کی بھی ہدایت کر دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان نے درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ سینٹ کے انتخابات ہیں اس لئے کچھ مہلت دی جائے ۔ فاضل عدالت نے کہا کہ سیاستدانوں کو اجلاس میں شرکت کے لیے رعایت دی جاتی ہے ،جن سیاست دانوں پر کرپشن کے الزام ہوں ان کو اجلاس کے بجائے شامل تفتیش ہونا چاہیے ،درخواست گزار آئندہ سوموارکو شامل تفتیش ہو ۔چیف جسٹس محمدقاسم خان نے درخواست گزار کی گرفتاری اور ممکنہ تادیبی کاروائی کرنے سے روکنے کے حکم امتناعی میں بھی توسیع کر دی ۔عدالت نے اینٹی کرپشن کو درخواست گزار کے خلاف انکوائری جاری رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے ۔

دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عبدالعزیزاعوان نے درخواست کی مخالفت کی اور درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا ۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار انکوائری میں شامل نہیں ہوا ور دھمکی دے رہا ہے ۔درخواست گزارکے وکیل نے کہا کہ خود انکوائری میں شامل ہوئے ،ایک گھنٹہ تک ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے درخواست گزار کو سنا،دو بار طلبی کے نوٹس دئیے گئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں