راولپنڈی (عکس آن لائن)زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کو سبسڈی پر بیج کی 3 لاکھ بوریاں فراہم کی گئیں ۔ اس ضمن میں کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی گندم کی منظور شدہ اقسام اکبر 19، اناج17-، اجالا16-، مرکز 19، فخر بھکر، غازی 19، بورلاگ 16، پاکستان 13، زنکول 16، گولڈ 16، بھکر سٹار، فتح جنگ 16، احسان 16 اور بارانی 17کے زیادہ سے زیادہ پانچ تھیلوں پر ایک کاشتکار کو سبسڈی فراہم کی گئی ۔
کاشتکاروں کیلئے گندم کی منتخب اقسام کا تصدیق شدہ بیج اور پھپھوندکُش زہر کے 100 گرام ساشہ پر 12 سو روپے فی بیگ سبسڈی کی بذریعہ واوچر فراہمی کی گئی ۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت قومی سطح پر گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے 12 ارب 54 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس کے تحت صوبہ پنجاب میں موجودہ مالی سال 80 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کے بیج اور دیگر زرعی مداخل کاشتکاروں کو سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس منصوبے سے صوبہ میں گندم کی اوسط پیداوار میں 7 من فی ایکڑ کا اضافہ ہوگا۔