اسپیکر قومی اسمبلی

گندم کی کٹائی کے دوران پورے ملک میں کسانوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(عکس آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام کو ہدایت کی ہے کہ گندم کی کٹائی کے دوران پورے ملک میں کسانوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں، وزرات آئندہ بجٹ کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرے۔

جمعرات کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام نے ملاقات کی،ملاقات میں وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر بھی شریک ہوئے،ملاقات کے دوران خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس کی سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا،اسپیکر نے فخر امام کو وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، اسد قیصر نے کہا کہ پرامید ہوں فخر امام کی قیادت میں وزارت کاشتکاروں کیلئے اہم کردار ادا کرے گی،گندم کی کٹائی کے دوران پورے ملک میں کسانوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں۔آئندہ بجٹ میں خصوصی توجہ دے کر زرعی شعبے کو ترقی دی جاسکتی ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ وزرات آئندہ بجٹ کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرے۔زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،کسان دوست پالیسی زرعی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ ملکی زراعت کی ترقی کا دارو مدار جدید ریسرچ پر ہے، اسد قیصر نے کہا کہ زراعت کے شعبے کی ترقی کےلیے بڑا پیکج ضروری ہے،خصوصی کمیٹی کی سفارشات کو ملک کی زرعی پالیسی کا حصہ بنا کر کسانوں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام نے کہا کہ ملک میں خوراک کی کوئی قلت نہیں،ملک کی زرعی معیشت کو ترقی دینے کے لئے خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔

بہتر رابطے کے ذریعے زرعی ترقی کے لیئے صوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہوگی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ بجٹ میں زرعی شعبے کو ترجیح دی جائےگی۔حکومت زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیئے اقدامات اٹھا رہی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں